بدھ , 24 اپریل 2024

راشن مجمع کو منتشر کرنے کے لیے پولیس اہل کار کی فائرنگ، خاتون جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب مبینہ پولیس فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔اے آر وائی نیوز کے مطابق پرانی سبزی منڈی کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران مجمع اکٹھا ہو گیا، لوگوں کو منتشر کرنے کے لیے ہیڈ کانسٹیبل نے ہوائی فائرنگ کر دی جس کی زد میں ایک خاتون آ کر جاں بحق ہو گئی۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اہل کار کی ہوائی فائرنگ سے گھر میں موجود خاتون جاں بحق ہو گئی، فائرنگ کرنے والا پولیس اہل کار نشے میں تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہیڈ کانسٹیبل سمیت گشت پر مامور چاروں اہل کاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پی آئی بی میں اہل کار کی مبینہ فائرنگ سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، واقعے کے وقت 4 اہل کار گشت پر مامور تھے۔خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 30 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کر دی گئی ہے، لاک ڈاؤن کے باعث غریب شہریوں کو کھانے کے لالے پڑ گئے ہیں، جن کی مدد کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں سیاسی اور فلاحی تنظیموں سمیت مخیر حضرات کی جانب سے مفت راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …