جمعہ , 19 اپریل 2024

سندھ میں اگلے 14 دن تک سخت لاک ڈاؤن ہوگا: مراد علی شاہ

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں اموات کی شرح 2.4فیصدہے جوزیادہ ہے، سندھ میں اگلے 14 دن تک سخت لاک ڈاؤن ہوگا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیسٹنگ کٹس آگئی ہیں تاہم ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھائیں گے، 500 ٹیسٹ کر رہے ہیں تو 50 مریض سامنے آرہے ہیں، سندھ میں اموات کی شرح 2.4 ہوگئی ہے، جو بہت تشویشناک ہے، کورونا کے بعض مریضوں کی ہسپتال پہنچنے کے 24 گھنٹے میں موت واقع ہوگئی، بعض مریض ایسے بھی آئے کہ انہیں ہسپتال مردہ حالت میں پہنچایا گیا، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے پھیپھڑے متاثر ہوئے، اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کورونا کے ہی کیسز ہیں، 15 کیسز ایسے ہیں جن کی ہم نے تدفین کورونا کے مریضوں کی طرح کروائی جب کہ کچھ ایسی اموات بھی ہیں جو رپورٹ نہیں ہو رہیں، 100 کے قریب اموات ایسی ہیں جن پر کورونا کا شبہ ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر کوئی سمجھ رہا ہے کورونا پاکستان میں دنیا سے کم ہے تو غلط ہے، ایسا لگ رہا ہے کورونا کیسز رپورٹ نہیں ہو رہے۔ کوئی تو وجہ ہے کہ وفاقی حکومت نے 14دن لاک ڈاؤن بڑھایا ہے، لاک ڈاؤن کھولنے نہیں اسے مزید سخت کرنے کی بات ہوئی ہے لہٰذااگلے 14 دن لاک ڈاؤن مزید سخت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صبح 8 سے شام 5 بجے تک لاک ڈاؤن کی پالیسی برقرار رہے گی جب کہ ہم نے پلمبر، درزی اور ہیئر ڈریسرز کو دکانیں کھولنے سے منع کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں سمجھ نہیں آرہی کنسٹرکشن انڈسٹری کھولنے کی کیا ضرورت ہے، کوئی کنسٹرکشن سائٹ کھلی نہیں ہونی چاہیے، بلڈر کو پہلے انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی، کوئی ریسٹورنٹ کھولے گا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہو گی تاہم ہوم ڈلیوری پر ایس او پیز کو فالو کرنا ہو گا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …