جمعرات , 18 اپریل 2024

کرونا وائرس،خطۂ عرب میں 7کروڑ 40 لاکھ افراد ہاتھ دھونے کی سہولت سے محروم:اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ عرب خطے میں 7کروڑ 40 لاکھ افراد ہاتھ دھونے کی سہولت سے ہی محروم ہیں،ان کے گھروں میں صابن یا سنک نہیں ہیں ،اس لیے انھیں کرونا وائرس کا شکار ہونے کا زیادہ خطرہ لاحق ہے۔اقوام متحدہ نے بدھ کو ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ان میں سے تین کروڑ دس لاکھ افراد کا تعلق سوڈان ، ایک کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ کا یمن اور 99 لاکھ کا مصر سے تعلق ہے۔

اقوام متحدہ کے مغربی ایشیا کے لیے اقتصادی اور سماجی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ” دنیا بھر میں اس بات پر اتفاق پایا جاتا ہے کہ صابن اور پانی سے ہاتھ دھونے سے کووِڈ-19 سے بچا جاسکتا ہے لیکن خطے کے سات کروڑ 40 لاکھ افراد کےلیے یہ سادہ عمل بھی مشکل تر ہوچکا ہے کیونکہ ان لوگوں کو ہاتھ دھونے کی بنیادی سہولت ہی حاصل نہیں ہے۔”اس نے مزید کہا ہے کہ ”مہاجرین اور تنازعات کی جگہوں یا زیر قبضہ علاقوں میں رہنے والے لوگ زیادہ مشکل صورت حال سے دوچار ہیں اور ان پر اضافی بوجھ ہے۔”

کمیشن کا کہنا ہے کہ خطے بھر میں قریباً دو کروڑ 60 لاکھ مہاجرین اور دربدر افراد کو کرونا وائرس کا شکار ہونے کا زیادہ خطرہ لاحق ہے کیونکہ انھیں پانی اور حفظان صحت کی سہولتوں تک رسائی حاصل نہیں ہے۔کمیشن کی ایگزیکٹو سیکریٹری روکا دشتی نے اس بات پر زوردیا ہے کہ ’’ہر کہیں ہرکسی کو صاف پانی اور حفظانِ صحت کی خدمات تک رسائی یقینی بنائی جانی چاہیے اور جو لوگ مالی بوجھ برداشت نہیں کرسکتے ہیں، انھیں یہ سہولت مفت حاصل ہونی چاہیے تاکہ کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔‘‘

اقوام متحدہ کے اس کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں آٹھ کروڑ 70 لاکھ افراد کو گھروں میں پینے کے صاف پانی کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔انھیں کسی سرکاری ذریعے سے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے۔اس وجہ سے بھی ان کی صحت خطرے سے دوچار ہے۔اس نے مزید کہا ہے کہ خطے کے 22 میں سے 10 ممالک میں پانی کی بہم رسانی کے لیے مناسب پائپ لائنیں نہیں ہیں، اس وجہ سے بھی گھروں میں ہاتھ دھونے کے لیے 40 سے 50 مکعب میٹر تک اضافی پانی درکار ہوگا اور یوں اس مشکل صورت حال میں پانی کی مانگ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

صہیونی وحشیانہ حملوں نے مغربی تہذیب و تمدن کے چہرے سے نقاب اتار دیا،آیت اللہ سید علی خامنہ ای

تہران:بسیجیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ طوفان …