جمعرات , 25 اپریل 2024

کرونا وائرس : بحرین میں لاک ڈاون 7مئی تک بڑھا دیا گیا ،رمضان کی سرگرمیوں پر پابندی

بحرین نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بیشتر عوامی تفریحی سرگرمیوں کے مراکز کی بندش میں سات مئی تک توسیع کردی ہے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بحرینی حکومت نے رمضان المبارک میں افطار اور کھانوں کے روایتی اجتماعات پر پابندی عاید کردی ہے۔بحرینی حکومت کے نئے احکامات 23 اپریل شام سات بجے سے نافذالعمل ہوں گے اور یہ سات مئی تک جاری رہیں گے۔ان کے تحت مووی تھیٹرز ،کمرشل اسپورٹس جیمنیزیم ، فٹ نس اسٹوڈیوز ، سوئمنگ پول اور تفریحی سرگرمیوں کے مراکز بند رہیں گے۔شیشہ کیفے اور ان کی خدمات بدستور محدود رہیں گی ۔ان سے کھانے پینے کی اشیاء خرید کی جاسکتی ہیں یا پھر وہ کھانا گھروں یا دفاتر میں پہنچا سکیں گے۔

ریستورانوں ، سیاحت گاہوں اور کھانے کی خدمات مہیا کرنے والی دوسرے جگہوں سے صرف بیرونی آرڈرز کی ترسیل کی جاسکے گی۔نجی ہیلتھ کلینیکوں میں تمام غیر ضروری طبی خدمات بدستور معطل رہیں گی۔گراسری اسٹور کے کھلنے کے بعد پہلے گھنٹے میں صرف بزرگ افراد اور حاملہ خواتین ہی خریداری کرسکیں گی۔پانچ یا اس سے کم افراد ہی ایک وقت میں اکٹھے ہوسکیں گے۔اس سے زیادہ نہیں۔ عام افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جہاں تک ممکن ہو، اپنے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور صرف وقتِ ضرورت ہی گھروں سے باہر نکلیں۔

تمام شہری اور مکین گھروں سے باہر عوامی جگہوں پر جاتے وقت چہرے کے ماسک پہننے کے پابند ہوں گے۔تجارتی اور صنعتی اشیاء بیچنے والی کمپنیاں یا فرمیں اپنے گاہکوں کو صرف آن لائن ہی اپنی چیزیں فروخت کرسکیں گی۔بحرین کی سپریم کونسل برائے صحت کے چیئرمین ڈاکٹر شیخ محمد بن عبداللہ الخلیفہ نے رمضان المبارک کے دوران میں مندرجہ ذیل احتیاطی اقدامات کا اعلان کیا ہے:

افطار صرف خاندان کے افراد تک محدود ہوگا۔
رمضان میں مجلسوں اور اجتماعی افطاریوں کے انعقاد سے گریز کیا جائےگا۔
عوامی افطار پارٹیوں کے انعقاد سے گریز کیا جائے گا۔
عوام میں افطار پیکج کی تقسیم سے پرہیز کیا جائے گا۔
زکوٰۃ الفطر جمع کرنے کے لیے اب کیاسکس کے بجائے الیکٹرانک پلیٹ فارمزکو استعمال کیا جائے گا۔

درج ذیل مارکیٹیں اور دکانیں معمول کے مطابق کام کرتی رہیں گی:
ہائپر مارکیٹیں ، سُپر مارکیٹیں ، کولڈ اسٹورز ،قصاب ،سبزی فروشوں اور مچھلی یا گوشت کی دکانیں کھلیں رہیں گی۔ہرقسم کی بیکریاں ، پیٹرول اور گیس اسٹیشن ، اسپتال ، کلینکس ، دواخانے اور امراض چشم کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ بنک اور کرنسی کے لین دین کا کام کرنے والی ایجنسیاں ، فیکٹریاں اور مینو فیکچرنگ کمپنیاں کھلی رہیں گی۔

ان اداروں کے دفاتر کھلیں رہیں گے جو اشیاء درآمد کرتے یا اشیاء تقسیم کرتے ہیں۔گاڑیوں کی ورکشاپیں اور فاضل پرزہ جات کی دکانیں ،تعمیراتی صنعت کے ادارے کھلے رہیں گے۔بحرین نے منگل تک کرونا وائرس کے 1952 کیسوں کی تصدیق کی ہے۔ ان میں سے سات کی موت واقع ہوچکی ہے۔کرونا وائرس کے 783 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس وقت 1162 فعال کیس ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …