جمعہ , 19 اپریل 2024

دشمن سے مت ڈرو۔۔قرآنی حکم

اداراتی نوٹ
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے یکم رمضان کو قرآن پاک سے انس و محبت کے عنوان سے منعقدہ ایک لائیو ٹی وی پروگرام میں چند قرآنی آیات کا مختصر ترجمہ و تفسیر کرتے ہوئے قرآنی تعلیمات کو عملی زندگی کے لیے رہبر و رہنماء قرار دیا ہے۔ آپ نے یہ بات زور دیکر کہی ہے کہ قرآن ایک نسخہ ہے، جو خداوند عالم حکیم و خبیر کیطرف سے انسان کے لیے بھیجا گیا ہے۔ اگر ڈاکٹر کا نسخہ لیکر جیب میں رکھ دیا جائے تو اسے گھر کے کسی اوپر والے حصے میں سجا کر رکھ دیا جائے تو اس نسخے سے مریض کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ قرآن بھی ایک نسخہ کیمیاء ہے، جو انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی دونوں کے لیے بھیجا گیا ہے۔

اس میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ مسلمانوں نے جب کبھی بھی قرآن پاک کی تعلیمات کو اپنے لیے ہدایت و رہنمائی کا سرچشمہ قرار دیکر اس پر عمل کیا انہیں کسی مقام پر شکست و ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ قرآن راہ نجات ہے۔ قرآن ہدایت ہے بشرطیکہ اس کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اس پر غور و فکر بھی کیا جائے۔ قرآن اپنے پڑھنے والے کو تدبر، تفکر اور غور و فکر کی دعوت دیتا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے گزشتہ روز کے درس قرآن میں آج کی عالمی صورت حال اور تسلط پسند طاقتوں کے رویئے اور مسلمان ممالک کی زبوں حالی کیطرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ حقیقی مسلمان صرف خدا سے ڈرتا ہے وہ دنیا کی کسی طاقت کے سامنے سربسجود نہیں ہوتا۔

قرآن خدا پر ایمان لانے اور طاغوت سے بے زاری کی دعوت دیتا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے آج کے دور کی نام نہاد عالمی طاقتوں کو ظلم و جور اور جنگ و ناامنی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ظلم، جنگ، بدامنی، امتیازی رویوں اور شیطانی سازشوں کا مقابلہ کرنے نیز امن و سلامتی، آسائش اور آرام و سکون کے قیام کا واحد ذریعہ قرآن پاک کے عملی احکامات پر عمل کرنا ہے اور آج جو خدا کے علاوہ مثلاً امریکہ وغیرہ سے ڈرتا ہے تو اسکے تلخ نتائج برآمد ہونگے اور ہم اس کا بہت سے مقامات پر مشاہدہ کر رہے ہیں۔

بشکریہ اسلام ٹائمز

یہ بھی دیکھیں

مریم نواز ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیوں بنیں گی؟

(نسیم حیدر) مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا تاج …