ہفتہ , 20 اپریل 2024

جرمنی میں لاک ڈاؤن میں نرمی سے کورونا وائرس پھر پھیلنے لگا

جرمنی میں کورونا وائرس سے نئے متاثر ہونے والے افراد کی اوسط روزانہ تعداد میں گزشتہ چند روز میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں جزوی نرمی کے بعد ہوا ہے۔وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کی شرح پچھلے چند دنوں میں دوبارہ بڑھی ہے۔ اتوار دس مئی کو ان ماہرین نے اس امر کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی سطح پر کسی متاثرہ مریض سے اس وائرس کی کسی دوسرے صحت مند فرد میں منتقلی کی قومی شرح لاک ڈاؤن میں نرمی سے قبل 0.65 فرد فی مریض تھی، جو اب بڑھ کر 1.1 افراد فی مریض ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس سے لگنے والی مہلک بیماری کووڈ انیس کے پھیلاؤ سے متعلق اعداد و شمار اور ان میں تبدیلی کا ریکارڈ وبائی امراض کی صورت حال کی نگرانی کرنے والا جرمن ادارہ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ رکھتا ہے۔ اس ادارے کے مطابق اب جرمنی میں کورونا وائرس کا ایک عام مریض ایک سے زائد افراد میں اس وائرس کی منتقلی کا سبب بن رہا ہے۔گزشتہ ہفتے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے تمام سولہ وفاقی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی لاک ڈاؤن کے تحت نافذ کی گئی پابندیوں میں جزوی نرمی اور اسکولوں و مارکیٹوں کو جزوی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ (آر کے آئی) کے ایک وضاحتی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے اس وائرس سے متاثرہ افراد میں ‘ری پروڈکشن ریٹ‘ جو پہلے ایک سے کم تھا، اب ایک سے زیادہ ہو گیا ہے۔ اس ادارے کے مطابق آئندہ دنوں میں اس رجحان پر مزید گہری نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے اور ایسا ہی کیا جائے گا۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں یہ اضافہ جنوبی جرمن ریاستوں باڈن ورٹمبرگ اور باویریا کے ساتھ ساتھ شمالی شہری ریاست ہیمبرگ میں بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جرمنی کے مختلف شہروں میں ہفتہ نو مئی کے روز ہزاروں افراد نے کورونا وائرس کے باعث سماجی پابندیوں کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔

جرمنی میں اتوار دس مئی کی دوپہر تک کووڈ انیس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ اکہتر ہزار تین سو چوبیس جبکہ اس بیماری سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات ہزار پانچ سو انچاس ہو چکی تھی۔ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ چوالیس ہزار چار سو بنتی ہے۔رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے کافی زیادہ بیمار ہو جانے والے تقریباً بیس ہزار مریض اس وقت جرمنی کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ان میں سے ایک ہزار چھ سو پچاس شدید بیمار مریضوں کو انتہائی نگہداشت کے یونٹوں میں رکھا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …