منگل , 23 اپریل 2024

مغربی عراق میں داعش کے خلاف آپریشن کلین اپ کا آغاز

عراقی کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوانوں نے ملک کے مغربی علاقوں میں آپریشن کلین اپ کے پہلے دن دہشت گرد گروہ داعش کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا ہے۔بغداد میں دفاعی اور عسکری ذرا‏ئع نے بتایا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوانوں نے پیرکو اسود الجزیرہ کے نام سے شروع کیے جانے والے آپریشن کلین اپ کے پہلے دن صوبہ صلاح الدین کے مغرب میں واقع وسیع صحرائی علاقے کو پاک اور داعش کے درجنوں خفیہ ٹھکانوں کو تہس نہس کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے آپریشن کلین اپ کے دوران داعش کے اسلحہ کے گوداموں پر بھی قبضہ کرلیا جہاں سے بھاری مقدار میں امریکی اور اسرائیلی ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

عراق کی مسلح افواج کی مشترکہ کمان نے بھی اپنے ایک بیان میں آپریشن کلین آپ کے آغاز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے اسود الجزیرہ آپریشن کا مقصد ملک کے تین صوبوں، الانبار، صلاح الدین اور نینوا کے سنگم پر واقع الجزیرہ نامی وسیع صحرائی علاقے کو داعش کے بچے عناصر کے وجود سے پاک کرنا ہے۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس آپریشن میں امریکہ کی سرکردگی میں قائم نام نہاد داعش مخالف اتحاد کا کوئی کردار نہیں ہے۔ قبل ازیں عراق کی مسلح افواج کی مشترکہ آپریشنل کمان کے ترجمان جنرل تحسین الخفاجی نے بتایا تھا کہ ملک کے تین صوبوں میں شروع کیے جانے والے الاسود الجزیرہ آپریشن میں صوبہ الانبار، صلاح الدین اور نینوا کے علاوہ الجزیرہ کمان کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو جان لینا چاہیے کہ انہیں عراق میں کہیں بھی امان نہیں دی جائے گی اور ہم آخری دہشت گرد کا بھی تعاقب کریں گے۔ الخفاجی نے بتایا کہ داعش گروہ کورونا کے بحران سے فا‏ئدہ اٹھاتے ہوئے عراق کے بنیادی ڈھانچے، فصلوں اور باغات کو تباہ کر کے ملک کو اقتصادی جنگ اور بحران کی جانب دھکیلنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں صوبہ صلاح الدین کے مشرقی شہر طوز خورماتو میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ حملے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کا ایک جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے۔عراق میں داعش کی شکست کے باوجود اس دہشت گرد گروہ کے باقی ماندہ عناصر اب بھی مختلف علاقوں میں روپوش ہیں اور گاہے بگاہے عراقی سیکورٹی فورس کے ٹھکانوں اور پبلک مقامات پر دہشت گردانہ حملے کرتے رہتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …