ہفتہ , 20 اپریل 2024

ریاضی اور سائنس کے 16 سالہ استاد کے 6 لاکھ فالوورز

نیویارک: لاک ڈاؤن میں لوگ یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر فضول قسم کی ویڈیوز دیکھ کر وقت ضائع کررہے لیکن ایک نوعمر استاد نے بچوں کو پڑھانے کی ٹھانی اور ان کے لیکچر کے فالوورز کے تعداد اب 6 لاکھ سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔نیویارک کے 16 سالہ الیکسس لورریز نے ٹک ٹاک کے غیرسنجیدہ پلیٹ فارم کو سائنس اور ریاضی کی سنجیدہ تدریس کے لیے استعمال کیا ہے۔ ٹک ٹاک رقص کے چیلنج اور مزاحیہ خاکوں سے بھرا ہوا ہے لیکن اسی پلیٹ فارم پر انہوں نے فروری 2020 سے تدریسی ویڈیوز جاری کرنا شروع کی۔ایلکسس کی خاص بات یہ ہے کہ وہ مختصر اور جامع اسباق تیار کتے ہیں اور اب انہیں ٹِک ٹاک ٹیوٹر کا خطاب مل چکا ہے۔ واضح رہے کہ وہ نیویارک کے مشہور اسکول ہیرلم پریپ اسکول میں ریاضی کے 4 جی پی اے حاصل کرچکے ہیں۔چند ماہ میں انہوں نے ریاضی، طبعیات، کیمیا اور جیومیٹری پر 100 سے زائد ویڈیو بنائی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فیثاغورسی تھیورم، سائن، کوسائن، ایٹم، الیکٹرون اور ریڈوکس وغیرہ پر عام فہم انداز میں ویڈیو بناتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پیچیدہ ترین تصورات کو عام فہم انداز میں سمجھانے پر انہیں ملکہ حاصل ہے اور لوگوں نے اس فطین کی اسی صلاحیت کو بہت سراہا ہے۔

اس کے علاوہ وہ SAT کی تیاری بھی کرواتے ہیں جن میں الجبرا اور جیومیٹری پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ اب ان کے فالوورز کی تعداد چھ لاکھ 64 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ ان کے شاگرد پوری دنیا میں موجود ہیں جن میں کینیڈا، امریکہ، آسٹریلیا اور فلپائن کے شاگرد بھی شامل ہیں۔ایلکسس کے والدین بھی ان پر فخر کرتے ہیں اور ان سے بہت خوش ہیں۔ دوسری طرف ایلکسس کہتے ہیں کہ انہوں نے یہ سوچ کر ویڈیوز بنائیں کہ بچے تیزی سے اسباق بھولتے جارہے ہیں جس کے لیے رہنمائی کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔ اس طرح ان کی ویڈیوز نہ صرف اسباق تازہ کرتی ہیں بلکہ وہ الجبرا اور دیگر اسباق کو سمجھنے میں ایک نیا رخ بھی عطا کرتی ہیں۔اب ایلکسس کا چینل یوٹیوب اور گوگل کلاس روم تک پھیل چکا ہے۔ ہر ویک اینڈ پر وہ تین گھنٹے کا خاص لائیو سیشن چلاتے ہیں جس میں کئی طالبعلم شرکت کرتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

10 جملوں میں لکھے حروف کو کم وقت میں گننے کا ریکارڈ

اربد: ایک اردنی شخص نے اپنی ریاضی کی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے …