جمعہ , 19 اپریل 2024

پاکستان میں کورونا سے اراکین اسمبلی کی ہلاکتوں میں اضافہ

پاکستان میں کورونا سے وزیر اور اراکین اسمبلی کی ہلاکتوں پرعوامی نمائندوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ممبر آف پروینشل اسمبلی اور سابق وزیر ایکسائز کے پی میاں جمشید الدین کاکا خیل کورونا سے انتقال کر گئے ہیں ۔خاندانی ذرائع کے مطابق میاں جمشیدالدین  کاکاخیل کا کورونا وائرس  ٹیسٹ پازیٹیو آیا تھا، وہ تقریباً  15 دن سے بیمار تھے، طبیعت خراب ہونے پر میاں جمشید کاکاخیل کو اسلام آباد کے نجی اسپتال لایا گیا تھا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق جمشید کا کا خیل کی میت نوشہرہ پہنچادی گئی ہے۔ادھرسندھ کے وزیر برائے انسانی آبادکاری و خصوصی ترقی اور پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے صدر غلام مرتضی بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ صوبائی وزیر میں گزشتہ ماہ 12 مئی کو کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں تو انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا 14 مئی کو جس کی رپورٹ مثبت آئی۔ وائرس کی تشخیص کے بعد چند روز گھر میں آئیسولیشن میں رہے اور طبیعت کی خرابی پر انہیں نجی ہسپتال میں داخل کیا گیا۔

پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مولا بخش چانڈیو میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق مولا بخش چانڈیو، ان کے بیٹے، اہلیہ اور دیگر دو خواتین میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سینیٹر مولا بخش چانڈیو کے ترجمان نجیب ابڑو کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد مولا بخش چانڈیو کو ان کے اہل خانہ سمیت گھر کے اندر ہی قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں لاڑکانہ سے منتخب ہونے والے سندھ اسمبلی کے رکن اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنما معظم علی عباسی  کے بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔جے یو آئی(ف) کے رہنما اور ضلع کرم سے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی انتقال کر گئے۔ منیر خان اورکزئی کو رات گئے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ منیر خان کا 24 اپریل کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم ایک ہفتہ قبل وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے کورونا کی صورتحال کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 80 ہزار 463ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے گزشتہ  24 گھنٹے میں مزید 67 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 688 ہو گئی ہے۔کورونا وائرس کے ملک میں 49 ہزار 852 مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 28 ہزار 923 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …