بدھ , 8 جولائی 2020

لیبیا میں تُرک قبضے کی موجودگی میں مذاکرات ممکن نہیں : المسماری

لیبیا میں قومی فوج کے ترجمان احمد المسماری نے باور کرایا ہے کہ فوج اقوام متحدہ کی اس دعوت کا خیر مقدم کرتی ہے جس میں لیبیا میں تنازع کے حل کی خاطر مذاکرات کی میز پر واپس آنے کے لیے زور دیا گیا ہے۔تاہم المسماری نے یہ واضح کیا کہ لیبیا کی سرزمین پر ” تُرک قابضوں کی موجودگی کا سایہ باقی رہنے تک” امن کے حوالے سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

منگل کی شب العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے لیبیائی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ان ملیشیاؤں اور جرائم پیشہ عناصر یا داعش تنظیم کے سابق جنگجوؤں کے ساتھ بات چیت ممکن نہیں جو سڑکوں پر ہتھیار لیے دندناتے پھر رہے ہیں۔دوسری جانب لیبیا میں وفاق حکومت کے ہمنوا ذرائع ابلاغ نے منگل کی شام وفاق حکومت کے وفد کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آخر الذکر (وفاق حکومت) فریقین کے درمیان عسکری کمیٹی کی بات چیت دوبارہ شروع کیے جانے کے لیے سابقہ شرائط پر قائم ہے۔

ادھر العربیہ کے ذرائع نے بدھ کی صبح بتایا ہے کہ عسکری کمیٹی (5+5) کی ملاقاتوں کا آغاز بنغازی، طرابلس اور نیویارک سے انٹرنیٹ کے ذریعے ہو گا۔ بات چیت کے اہم ترین نکات میں فائر بندی اور ملیشیاؤں کے ہتھیار حوالے کیے جانے کے لیے سیکورٹی انتظامات شامل ہیں۔

لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے مشن نے منگل کی صبح تنازع کے فریقوں کے بیچ مذاکرات کے نئے دور کا اعلان کیا تھا۔ اس کا مقصد فائر بندی اور سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے کسی سمجھوتے تک پہنچنا ہے۔ اس طرح دارالحکومت طرابلس کے بیرونی اطراف کئی ماہ سے جاری لڑائی کا سلسلہ روکا جا سکے گا۔ مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ قومی وفاق حکومت اور قومی فوج کی جانب سے بات چیت کے دوبارہ آغاز کو قبول کرنے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

یاد رہے کہ لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی غسان سلامہ کی سرپرستی میں جنیوا میں مذاکرات کے سابقہ دو ادوار بنا کسی نتیجے تک پہنچے ختم ہوئے۔ وفاق حکومت کی جانب سے یہ شرط رکھی گئی کہ دارالحکومت طرابلس میں قومی فوج کے ٹھکانوں کو خالی کیا جائے۔ دوسری جانب لیبیائی فوج نے مطالبہ کیا کہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن کی جانب سے لیبیا میں داخل کیے گئے اجرتی جنگجوؤں کو نکالا جائے اور ملیشیاؤں کو غیر مسلح کیا جائے۔انقرہ کی جانب سے اب بھی لیبیائی فوج کے خلاف برسر جنگ وفاق حکومت کی ملیشیاؤں کی عسکری سپورٹ کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی دیکھیں

امریکا میں کورونا وائرس کے خوفناک پھیلاو کے ذمہ دار ٹرمپ ہے؛گورنر نیویارک

واشنگٹن: نیویارک کے گورنر نے اپنی پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کے مقابلے میں ٹرمپ …