بدھ , 8 جولائی 2020

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فورسز نے نواسے کے سامنے نانا کو شہید کر دیا

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے بے گناہ شہری کو 3 سالہ نواسے کے سامنے شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس (کے ایم سی) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔ابلاغ نیوز نے سحر نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بارہ مولا میں بھارتی فورسز نے بے رحمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کم سن نواسے کے سامنے بے گناہ شہری پر فائرنگ کر دی۔فائرنگ کا نشانہ بننے والے بے گناہ شہری کے بیٹے اور بیٹی نے انصاف کی اپیل کر دی۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ دہشت گرد بھارتی فوج کے مظالم دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں اور مودی حکومت نے موت کو ایک کھیل بنا دیا ہے۔ اس طرح کے مظالم کا سن کر دل کانپ جاتے ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فورسز نے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو بھی شہید کر دیا۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے 25 ہزار ڈومیسائل بھارتی شہریوں کو دینے کے اقدام کو بھی مسترد کر دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا تین روز قبل اپنی بریفنگ میں کہنا تھا کہ بھارت اپنے شہریوں کو بوگس ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دے رہا ہے، اس کا یہ اقدام غیر قانونی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں، ڈومیسائل حاصل کرنے والوں کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ بھارت اس اقدام کا اہل نہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ عالمی قوانین کے تحت بھارت ایسا اقدام نہیں کر سکتا، بھارت کے اس اقدام سے پاکستان کا بیانیہ درست ثابت ہوا، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنا چاہتا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

چین کے خودمختار علاقے منگولیا میں طاعون کا مصدقہ کیس، حکام نے الرٹ جاری کردیا

بیجنگ: چین کے خود مختار علاقے منگولیا میں طاعون کے کیس کی تصدیق ہونے کے …