بدھ , 24 اپریل 2024

امریکہ کا یوم آزادی

اداراتی نوٹ
چار جولائی کو امریکہ میں یوم آزادی منایا جاتا ہے۔ اس سال یوم آزادی ایسے عالم میں آیا ہے کہ امریکہ نسل پرستی کی آگ میں جل رہا ہے، ملک بھر میں جلسے جلوس جاری ہیں اور مشتعل مظاہرین امریکی پرچم کو نذر آتش کرنے سمیت امریکہ کے ہیروز کے مجسموں اور اہم قومی علامات کو مختلف شہروں میں گرا رہے ہیں۔ ماضی میں اور اب بھی دنیا کے مختلف ممالک میں امریکہ کے پرچم سڑکوں اور چوراہوں پر نذرآتش کیے جاتے تھے، امریکی حکام اور امریکی پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جاتی تھی، لیکن آج یہ سارے مناظر امریکہ کے تمام بڑے شہروں میں آسانی سے مشاہدہ کیے جا سکتے ہیں۔ امریکہ میں آزادی کی علامت ’’ٹاور آف لبرٹی‘‘ سیاہ فاموں اور سرخ فاموں کے لیے غلامی کی علامت بن چکا ہے۔

دنیا بھر کا میڈیا امریکی سڑکوں پر سیاہ فاموں کے بڑے بڑے اجتماع دکھا رہا ہے اور جارج فلوئیڈ کے بیہمانہ قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر امریکی ظلم و ستم کی پہچان بن چکی ہے۔ امریکہ چار جولائی کو ایسے عالم میں یوم آزادی منائے گا کہ ڈونالڈ ٹرامپ جیسا جارحیت پسند اور نئوکانز کا جنگ پسند ٹولہ وائٹ ہاوس میں براجمان ہے۔ آج امریکہ میں یوم آزادی منانا تاریخ کا منہ چڑھانے کے مترداف ہے۔ امریکہ میں ملک کے اندر انسانی حقوق کی پامالی کو سیاہ فاموں اور رنگین فاموں کے حقوق سلب کرنے میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر ویت نام سے لیکر افغانستان، عراق، شام اور لیبیا وغیرہ سمیت دنیا کے کونے کونے میں انسانیت کشی، امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ بگرام، گوانتانوموبے، ابو غریب اور شمالی شام کے علاقے امریکی مظالم کی داستانیں سنا رہے ہیں۔

امریکہ کی تاریخ تقریباً تین سو سال قدیم ہے۔ امریکی تاریخ میں دس پندرہ برسوں کے علاوہ باقی کی تمام تاریخ جنگ و جدل اور کسی نہ کسی ملک پر جارحیت سے آلودہ ہے۔ امریکی تاریخ میں وائٹ ہاوس کی طرف سے صدام جیسے ڈکٹیٹر کی حمایت سے لیکر ایران کے مسافر طیارے کو خلیج فارس میں گرانے جیسے انسانیت دشمن اقدامات چیخ چیخ کر امریکی ماہیت کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ امریکہ نے ماضی میں بھی اور آج بھی ایک عالمی بھیڑیئے کا کردار ادا کیا ہے۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ان تمام جرائم کے باوجود امریکہ اپنے آپ کو آزادی اور انسانی حقوق کا چیمپیئن قرار دیتا ہے اور اپنے پر مخالف پر استبداد اور انسانی حقوق کی پامالی جیسے کھوکھلے اور بے بنیاد الزام لگا کر اپنے مذموم اہداف حاصل کرتا ہے۔ چار جولائی کے دن امریکہ کے عوام کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنی چاہیئے اور امریکہ پر حاکم صیہونی ٹولے کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کرنا چاہیئے۔

بشکریہ جیو نیوز

یہ بھی دیکھیں

مریم نواز ہی وزیراعلیٰ پنجاب کیوں بنیں گی؟

(نسیم حیدر) مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا تاج …