بدھ , 24 اپریل 2024

امریکا کی سترہ ریاستوں میں ٹرمپ کے خلاف شکایات درج

امریکہ کی سترہ ریاستوں نے بعض غیر ملکی طلبا کے لئے ویزا جاری نہ کرنے پر ملک کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ابلاغ نیوز نے فارس خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے کولمبیا علاقے کے علاوہ سترہ ریاستوں کے اٹارنی جنرلوں نے میسا چوسٹ کی ایک مقامی عدالت میں یہ شکایت درج کی ہے۔ اس شکایت میں ٹرمپ کے فیصلوں کو بے سوچے سمجھے، بے رحمانہ اور غیر قانونی قرار دے کر مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکہ کی فیڈرل حکومت کے اس قانون کو فورا کالعدم قرار دیا جائے جو کورونا وائرس  کے پھیلاو کے دوران غیر ملکی طلبا کو ملک سے نکلنے پر مجبور کر رہا ہے۔حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ غیر ملکی طلبا کہ جنکی کلاسز آئندہ سیمسٹر میں آن لائن منعقد ہوں گی، انہیں امریکہ سے باہر نکلنا ہوگا۔

امریکہ کے امیگریشن ادارے نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ غیر ملکی طلبا جن کی کلاسز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب آن لائن منعقد ہوں گی، ان کو ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔امریکی ریاستوں اور تعلیمی مراکز کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اپنے اس قسم کے فیصلے سے تعلیمی مراکز کو مجبور کرنا چاہتے ہیں کہ وہ کورونا کی تباہ کاریوں کے باوجود کلاسز کا آغاز کر دیں اور تمام طلبا اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں حاضر ہو کر کلاسوں میں بیٹھیں۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماہرین صحت کے تمام تر انتباہات کو نظرانداز کرتے ہوئے تعلیمی مراکز کھولنے کے لئے دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر تعلیمی مراکز آئندہ سیمسٹر میں کھل نہیں جاتے تو ان کا بجٹ روک دیا جائے گا۔امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ٹرمپ کے اس اقدام پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کی جان سے کھیل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 38 ہزار247 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 34 لاکھ 79 ہزار 483 ہو چکی ہے۔کورونا وائرس کے امریکا میں 17 لاکھ 91 ہزار 767 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 15 ہزار 934 کی حالت تشویش ناک ہے ۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …