ہفتہ , 20 اپریل 2024

مصر میں خوفناک آتشزدگی کے بعد متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں

قاہرہ : مصر میں خوفناک آتشزدگی کے بعد متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں، واقعہ تیل کی پائپ لائن میں اچانک آگ بھڑکنے سے پیش آیا، حادثے میں متعدد لوگوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ابلاغ نیوز نے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصر میں گزشتہ رات قاہرہ اسماعیلیہ صحرا روڈ پر العاشر بن رمضان شہر کی پارکنگ میں تیل پائپ لائن میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد دھویں کے بادل مصری دارالحکومت پر چھا گئے، ذرائع ابلاغ کے مطابق فائر بریگیڈ کی بیس گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔

اس حوالے سے مصری وزارت پٹرولیم کا کہنا ہے کہ آگ قابو میں ہے، جس پائپ لائن میں آگ لگی وہ مبینہ طور پر کیمیکل کے لیے استعمال میں تھی، مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث السلام شہر سے العبور شہر کے روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔سوشل میڈیا پر آتشزدگی کی ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں گاڑیاں آک کی لپیٹ میں ہیں۔الیوم السابع کے مطابق پٹرول پائپ کمپنی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ آگ اسماعیلیہ کے صحرائی روڈ پر تیل کی پائپ لائن میں رساؤ کی وجہ سے لگی ہے۔

آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے۔ اسباب کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، سکائی نیوز کے مطابق آتشزدگی کی لپیٹ میں آجانے والی متعدد گاڑیوں کے ڈرائیور جھلس گئے، مصری وزیر پٹرولیم صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔مصری محکمہ ٹریفک نے عوام سے کہا ہے کہ وہ اژدحام کے پیش نظر اسماعیلیہ شاہراہ سے دور رہیں۔ محکمے نے متاثرہ علاقے جانے والے تمام راستے بند کردیے۔مصر کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ اب تک 8 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ متاثرین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ ممکن ہے کچھ لوگ آگ سے متاثر ہوکر ہلاک بھی ہوگئے ہوں۔آتشزدگی کے اسباب جاننے کے لیے تکنیکی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اپنی رپورٹ سیکیورٹی اداروں کو پیش کرے گی۔

یہ بھی دیکھیں

حماس کے خلاف جنگ میں شرکت کا امریکی اعتراف

واشنگٹن:امریکی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ امریکہ …