بدھ , 21 اپریل 2021

امریکہ سے ڈرنا نہیں ہے وہ کچھ نہیں بگاڑ سکتا: رہبر انقلاب اسلامی

تہران: رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے فرمایا کہ امریکا سے ڈرنا نہیں ہے وہ کسی کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا ہے۔ابلاغ نیوز کے مطابق سحر نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکظمی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ عراق کی عزت، امن و سلامتی ، علاقائی اقتدار اور ارضی سالمیت کا ایران خواہاں ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ امریکہ حقیقی معنوں میں دشمن ہے اور وہ آزاد اور خودمختار عراق کا خواہاں نہیں ہے۔رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل کی شام عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں عراق کی حکومت کو کمزور کرنے والے ہر اقدام کی مخالفت کی۔ آپ نے فرمایا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کیلئے سب سے اہم بات عراق کے مفادات، سلامتی، عزت، وقار اور اس کی علاقائی صورتحال میں بہتری ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ عراق کے حوالے سے امریکی موقف ایران کے موقف کے بالکل برخلاف ہے فرمایا، عراق اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں ایران مداخلت نہیں کرتا ، لیکن عراقی دوستوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ امریکہ کو اچھی طرح پہچانیں اور سمجھ لیں کہ امریکہ نے جس ملک میں بھی قدم رکھا وہاں اس نے فساد، تباہی اور بربادی پھیلائی ہے۔آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو توقع ہے کہ عراقی حکومت، عوام اور پارلیمنٹ کی جانب سے امریکیوں کو ملک بدر کرنے کے فیصلے پر عمل پیرا ہوگی اس لئے کہ ان کی موجودگی عدم تحفظ کا باعث ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ کے ہاتھوں شہید جنرل سلیمانی اور ابو مہدی مہندس کے بہیمانہ قتل کو عراق میں امریکہ کی موجودگی کا نتیجہ قراردیتے ہوئے فرمایا ایران کبھی بھی اس مسئلے کو نہیں بھولے گا اور امریکہ پر کاری ضرب لگائے گا۔آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ایران اور عراق کے باہمی تعلقات کے بہت زیادہ مخالفین ہیں کہ جن میں سر فہرست امریکہ ہے لیکن کسی بھی طور امریکہ سے ڈرنے کی ضرورت نہیں اس لئے کہ امریکہ کسی کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح آیت الله العظمی سید علی سیستانی کو عراقی عوام کیلئے ایک بہت بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے فرمایا عراق میں الحشد الشعبی بھی بہت بڑی نعمت ہے کہ جس کی حفاظت کرنی چاہئیے۔اس ملاقات میں عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے رہبر انقلاب اسلامی کے ساتھ ملاقات کو بہت بڑی سعادت قراردیا اور داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف عراقی حکومت اور عوام کی حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام اور حکومت مشکل صورتحال میں ایران کی مدد ، ہمدردی اور حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔عراقی وزیر اعظم نے عراق اور ایران کے تاریخی، ثقافتی اور دینی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی نصیحتیں مشکلات کا بہترین راہ حل ہیں اور میں آپ کی ہدایت اور رہنمائی پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …