بدھ , 24 اپریل 2024

سرت شہر کے اطراف وفاق حکومت کی فورسز کے اکٹھا ہونے پر تشویش ہے : لیبیائی پارلیمںٹ

اسلام آباد: لیبیا کی پارلیمنٹ نے سرت شہر پر فوجی حملے کی صورت میں سامنے آنے والے نتائج اور دور رس اثرات سے خبردار کیا ہے۔ابلاغ نیوز نے عالمی ذرائع ابلاغ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ منگل کے روز پارلیمںٹ کی خارجہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں سرت شہر کے اطراف وفاق حکومت کی ملیشیاؤں کے عسکری طور پر اکٹھا ہونے سے متعلق رپورٹوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق ایک لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہر پر حملہ ایک بڑے انسانی بحران کا سبب بن سکتا ہے اور شہر کے انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچے گا۔

پارلیمانی کمیٹی نے ملک کے بحران کے سیاسی حل پر زور دیا۔ کمیٹی نے فوجی حلوں کو مسترد کرتے ہوئے باور کرایا کہ پارلیمنٹ کے اسپیکر عقیلہ صالح کا منصوبہ موجودہ بحران کا واحد حل ہے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ تیل کی آمدن کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کا طریقہ کار جلد از جلد وضع کیا جائے تا کہ تیل کی برآمد کا سلسلہ دوبارہ سے شروع ہو سکے۔

پارلیمانی کمیٹی نے سرت اور الجفرہ میں لڑائی کے انجام سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کو کھینچ کر ایک طویل اور خون ریز جنگ میں پہنچا دے گی۔ اس سے پورے خطے کا امن و استحکام متزلزل ہو جائے گا اور خطے کے ممالک پر اس کے خطر ناک اثرات مرتب ہوں گے۔پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمے داری پوری کرے ،،، اور تشدد اور لڑائی پر اکسانے کی دعوت کی مذمت کرتے ہوئے لیبیا میں بیرونی مداخلت کو مسترد کر دے۔

یاد رہے کہ ترکی کی حمایت یافتہ وفاق حکومت کی فورسز نے گذشتہ دنوں کے دوران سرت شہر کے اطراف اپنا عسکری وجود مضبوط کر لیا ہے۔ نئے فوجی قافلے شہر کی سمت حرکت میں آ رہے ہیں۔ ایسا نظر آتا ہے کہ سرت شہر پر فوجی حملے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ تزویراتی اہمیت کا حامل یہ شہر الہلال آئل زون اور الجفرہ فوجی اڈے سے متصل ہے۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …