جمعرات , 18 اپریل 2024

خون سفید ہوگیا، بیوی کے ساتھ مل کر بیٹے کا ماں اور بہن پر بہیمانہ تشدد

راولپنڈی: راولپنڈی میں تھانہ صادق آباد کے علاقے میں اہلیہ کے ساتھ مل کر بیٹے نے ماں اور بہن کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنادیا۔ابلاغ نیوز نے ایکسپریس نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ راولپنڈی میں تھانہ صادق آباد کے علاقے میں اہلیہ کے ساتھ مل کر بیٹے نے ماں اور بہن کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔

ویڈیو وائرل ہونے پرریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے سخت نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ کروادیا۔ میاں بیوی کی گرفتاری کے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔پولیس حکام کے مطابق صادق آباد کے علاقے ڈھوک علی اکبر کری روڈ کی رہائشی مسماتہ گلنار بی بی کا بیٹا ارسلان اور بہو بسمہ جو والدین سے الگ رہتے ہیں والدین سے ملنے کے لیے انکے گھر آئے جہاں ارسلان کی ہمشیرہ اور اسکی اہلیہ کی کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو بڑھ گئی اور جھگڑا شروع ہوگیا۔

اس دوران  بیٹا ارسلان بھی درمیان میں کود پڑا اور اہلیہ کے ساتھ مل کر والدہ گلنار بی بی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ گھر میں کسی فرد نے تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی  جس کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک اور سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے نوٹس لیکر پولیس  کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔

ایس ایچ او صادق آباد طاہر ریحان کا کہنا تھا کہ تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون گلنار بی بی کا میڈیکل کروا کر مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ملزمان ارسلان اور اسکی اہلیہ کہ گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ایس ایچ او صادق آباد معاملہ بظاہر گھریلو تنازعے کا شاخسانہ محسوس ہوتا ہے تاہم تفتیش میں صورتحال مزید واضح ہوگی۔ دوسری جانب ایف آئی آر میں گلنار بی بی نے موقف اختیار کیا کہ بہو بسمہ اور بیٹا ارسلان آٰئے روز جھگڑا کرتے رہتے ہیں۔ گزشتہ روز بھی دونوں نے دھکے دیے اور مارپیٹ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا۔ایس پی راول رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ رشتوں کا تقدس پامال کرنے اور والدہ پر بیہمانہ تشدد کرنے والے بیٹے اور اسکی اہلیہ کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا جن کی گرفتاری کے چھاپے جاری ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …