جمعہ , 19 اپریل 2024

سوڈان : 30 برس بعد 28 فوجی افسران کی اجتماعی قبر کا انکشاف

اسلام آباد: سوڈان میں 30 برس قبل فوج کے 28 افسران کو سزائے موت دی گئی تھی۔ابلاغ نیوز نے عالمی ذرائع ابلاغ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ نہیں جانا جا سکا کہ ان افراد کو کہاں دفن کیا گیا اور ان کی لاشوں کے ساتھ کیا معاملہ ہوا۔اس طویل عرصے بعد اب سوڈان میں حکام نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت خرطوم کے نزدیک واقع شہر ام درمان میں ایک اجتماعی قبر کا انکشاف ہوا ہے۔ جو غالبا ان 28 افسران کی ہے جنہیں 1990ء میں اس وقت کے صدر عمر البشیر کے خلاف انقلاب کی ناکام کوشش کے الزام میں موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔

سوڈان میں استغاثہ کی جانب سے گذشتہ رات رات تاخیر سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ معلومات سے واضح ہوتا ہے کہ غالبا یہ وہ ہی اجتماعی قبر ہے جس میں قتل کیے جانے والے افسران کو وحشیانہ طریقے سے دفن کیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق اس اجتماعی قبر کا تعین تین ہفتوں کی مسلسل کوششوں کے بعد کیا گیا۔

بغاوت کا یہ واقعہ جون 1989ء میں عمر البشیر کی جانب سے اقتدار پر قبضے کے چند ماہ بعد سامنے آیا۔ سوڈانی فوج کے مختلف یونٹوں کے افسران نے مشترکہ طور پر البشیر کا تختہ الٹنے کی کوشش کی۔ تاہم دارالحکومت میں بعض عسکری یونٹوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے چند گھنٹوں بعد انقلاب کی یہ کوشش ناکام ہو گئی۔ ان تمام افسران کو عدالتی کارروائی کے لیے پیش کیا گیا۔ عدالت نے ان میں سے 28 کو سزائے موت دی اور بقیہ کو مختلف مدت کی قید کی سزا سنائی گئی۔

سوڈانی استغاثہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ نومبر میں پراسیکیوٹر جنرل تاج السر کی جانب سے تشکیل دی گئی متعلقہ تحقیقاتی کمیٹی اجتماعی قبر کی کھدائی اور باقیات کے طبی معائنے سے متعلق اقدامات مکمل کرائے گی۔ اقدامات مکمل ہونے تک لوگوں کو جائے مقام کے قریب آنے سے روکنے کے لے علاقے کو فوجی پہرے میں دے دیا گیا ہے۔مذکورہ 28 افسران کو سزائے موت دیے جانے کے بعد سے ان کے اہل خانہ کی جانب سے حکام سے یہ مطالبہ مسلسل جاری رہا کہ ان افراد کی قبروں کی جگہ کا انکشاف کیا جائے۔

واضح رہے کہ عوام کی جانب سے کئی ماہ تک جاری رہنے والے مظاہروں کے بعد سوڈانی فوج نے اپریل 2019 میں صدر عمر البشیر کو معزول کر دیا تھا۔رواں ہفتے منگل کے روز عمر البشیر کو 27 شہری اور عسکری ملزمان کے ساتھ عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان تمام افراد پر اس بغاوت پر عمل درامد کا الزام ہے جس کے ذریعے البشیر 1989ء میں اقتدار کی کرسی پر پہنچے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

حماس کے خلاف جنگ میں شرکت کا امریکی اعتراف

واشنگٹن:امریکی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے ساتھ امریکہ …