منگل , 13 اپریل 2021

پاکستان میں ڈھائی لاکھ کے قریب کورونا مریض صحتیاب، فعال کیسز 25 ہزار رہ گئے

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ بے اثر ہوتا جارہا ہے اور ملک میں 2 لاکھ 80 ہزار 461 مصدقہ کیسز میں سے 2 لاکھ 49 ہزار 397 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 999 افراد کا انتقال بھی ہوا ہے۔

آج 4 اگست کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 180 کیسز اور 7 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 524 افراد ایسے تھے جو وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بڑی تعداد تعداد میں کمی نے امید کی کرن پیدا کردی ہے اور اس وقت ملک میں فعال کیسز 25 ہزار سے کچھ زیادہ ہی رہ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ 18 مارچ سے اس وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں سامنے آئی تھی۔

تاہم ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کافی حد تک کم تھا جو اپریل کے مہینے سے بڑھنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کیسز میں کافی تیزی دیکھی گئی جبکہ جولائی کے مہینے میں بھی مجموعی صورتحال معتدل رہی تاہم یومیہ کیسز میں کافی حد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات میں کمی کی ایک بڑی وجہ ٹیسٹ کا کم ہونا بھی ہے لیکن حکومتی عہدیدار اس کمی کو اپنی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی سے بھی جوڑتے ہیں۔

اگر اگست کے ابتدائی 3 روز کی بات کریں تو اس میں عید کے باوجود کیسز اور اموات کی تعداد کافی کم نظر آئی۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …