جمعرات , 25 اپریل 2024

اسلام آباد ایئرپورٹ پر دو طیاروں کو ایمرجنسی صورتحال کا سامنا

اسلام آباد: اسلام آباد ایئرپورٹ پر دو طیاروں کو ایمرجنسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب کہ دونوں واقعات میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا لیکن طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ راولپنڈی فلائنگ کلب کے چھوٹے سیسنا طیارے کو پیش آیا، لینڈنگ کے دوران سیسنا طیارے کے نوز ویل کی ہوا نکل گئی جس کی وجہ سے طیارہ رن وے پر ہی رک گیا بعد میں سیسنا طیارے کو ٹو کرکے رن وے سے ہٹایاگیا۔

اس دوران کراچی سے آنے والی ائیر بلیو کی پرواز کو لینڈنگ سے روک دیا گیا تاہم سیسنا طیارے کو رن وے سے ہٹانے کے بعد طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دی گئی، یہ طیارہ کراچی سے اسلام آباد پہنچا تھا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہی ایک دوسرے واقعے میں ائیربلیو کے طیارے کو رن وے پر دوڑتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا کر ٹیک آف سے روکا گیا۔

طیارہ اسلام آباد سے کراچی کے لیے ٹیک آف کرنے والا تھا، ایمرجنسی بریک لگنے کی وجہ سے طیارے میں مسافروں کو شدید طور پر جھٹکا لگا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ائیر بلیو کے ائیربس 321 طیارے کے ائیر اسپیڈ انڈیکیٹر میں خرابی کی نشاندہی ہوئی تھی بعدازاں کراچی آنے والی ائیر بلیو کے مسافروں کو لانچ میں شفٹ کیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …