جمعہ , 19 اپریل 2024

بحرین اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے پر متفق ہے

بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے اسرائیل کے ساتھ مکمل تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے جس پر فلسطینی تنظیموں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

فلسطینی انتظامیہ نے بحرین کے اس غداری بھرے اقدام پر اعتراض کے طور پر منامہ سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے فلسطینی سفیر کو بحرین سے واپس بلا لیا ہے تاکہ بحرین اور صیہونی حکومت کے درمیان تعلقات کے قیام کے اقدام پر ضروری تبادلۂ خیال کیا جا سکے اور ضروری قدم اٹھائے جا سکیں۔ جمعہ کی شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اطلاع دی کہ بحرین اور صیہونی حکومت نے اپنے تعلقات معمول پر لانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ انھوں نے ٹویٹ کر کے کہا کہ بحرین اور اسرائیل اپنے تعلقات کو مکمل طور پر معمول پر لانے پر متفق ہو گئے ہیں۔

فلسطین کی حماس تنظیم نے بھی اسرائيل سے تعلقات قائم کرنے کے آل خلیفہ حکومت کے قدم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم سینچری ڈیل کو عملی جامہ پہنانے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد فلسطینی کاز کو ختم کر دینا ہے۔ فلسطین کی جہاد اسلامی تنظیم کے شعبۂ اطلاعات کے سربراہ داؤود شہاب نے بھی آل خلیفہ حکومت کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ بات پوری طرح واضح ہوگئی ہے کہ بحرین کی حکومت پوری طرح سے امریکہ کی پٹھو ہے۔

بحرین کی سب سے بڑی سیاسی جماعت جمعیت وفاق نے بھی بحرین اور اسرائیل کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین کے عوام فلسطینی کاز کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کی مسلسل کوششوں کے بعد متحدہ عرب امارات نے تیرہ اگست کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے پر اتفاق کیا تھا۔

ٹیگس

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …