ہفتہ , 31 اکتوبر 2020

ملک میں کورونا وائرس کے 408 نئےکیسز رپورٹ، 361 مریض صحتیاب

پاکستان میں ساڑھے 6 ماہ کے طویل عرصے بعد پہلے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھلنے اور رینڈم ٹیسٹنگ میں اضافے کی وجہ سے کورونا کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 31 ہے جس میں سے 2 لاکھ 92 ہزار 44 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 415 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں آج 19 ستمبر کی دوپہر تک مزید 408 کیسز اور 3 اموات کا اضافہ ہوا، ان کیسز میں صوبہ بلوچستان میں گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے 147 کیسز جبکہ خیبر پختونخوا کے 28 کیسز اور ایک ہلاکت بھی شامل ہے۔

بلوچستان میں ان کیسز کے بعد مجموعی تعداد 14 ہزار 138 جبکہ خیبرپختونخوا میں مجموعی کیسز 37 ہزار 270 تک جا پہنچے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز ایک ہی روز کراچی اور گلگت بلتستان میں رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک یہ وبا مکمل طور پر قابو نہیں آسکی ہے۔

ابتدا میں فروری سے مارچ کے دوران تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کافی کم رہی اور مزید پھیلاؤ روکنے کے لیے متعدد پابندیاں عائد کردی گئی تھین تاہم اپریل میں ان کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔

مئی میں لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں بڑی حد نرمی کے بعد میں کیسز اور اموات کی یہ تعداد بڑھی اور جون میں یہ وبا اپنے عروج پر جا پہنچی۔

جون میں پاکستان میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زیادہ رپورٹ ہونے لگیں اور ہسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھ گیا جس کے بعد حکومت نے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کر کے اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ٹریس، ٹیسٹ، قرنطینہ (ٹی ٹی کیو) کی حکمت عملی اپنائی۔

چنانچہ جولائی میں کیسز اور اموات کی تعداد ایک مرتبہ پھر کم ہونا شروع ہوئی جس میں اگست میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی اور رواں ماہ ستمبر میں بھی صورتحال بڑی حد کنٹرول میں ہی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب اور عرب امارات اسرائیل کی نیابتی جنگ کر رہے ہیں: انصاراللہ

صنعا: یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب …