ہفتہ , 20 اپریل 2024

پی ایس ایل فائیو : ملتان سلطان کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے 142رنز کا ہدف

کراچی : پی ایس ایل فائیو کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانزنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو142رنزکا ہدف دیا ہے، ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں7وکٹ پر141رنز بنائے۔

ملتان سلطان کے روی بوپارہ40،ذیشان اشرف21رنز بنا کر نمایاں رہے، وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2،2،جبکہ عماد وسیم نے1وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مرحلے کے کورونا کی وجہ سے ملتوی شدہ میچز کا آغاز آج سے کراچی میں ہوا، پلے آف کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا نے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطان کی جانب سے ذیشان اشرف اور ایڈم لیتھ نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے اوور کی تیسری گیند پر ایڈم لیتھ 9 رنز بنا کر وقاص مقصود کی گیند پر شیڈوک والٹن کے ہاتھوں آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوگئے۔

ملتان سلطانز کی کراچی کنگز کیخلاف دوسری وکٹ 23 کے مجموعی اسکور پر گری جب شان مسعود صرف 3 رنز بنا کر محمد  عامر کی ہٹنگ سے رن آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطان کی تیسری وکٹ مجموعی طور پر 36رنز پر گر گئی جب ریلی روسو بھی5 رنز بنا کر ارشد اقبال کی تھرو پر شیڈوک
والٹن کے ہاتھوں رن آﺅٹ ہوکر میدان سے واپس چلے گئے۔

اس کے بعد صرف 4 رنز کے اضافے کے بعد ذیشان اشرف بھی 21 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ان کا کیچ ایلکس ہیلز نے پکڑا۔

حالیہ سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے خوشدل شاہ نے بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھائی اور17رنز ہی بنا سکے وہ ارشد اقبال کی گیند پر شرفین ردرفورڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد کافی عرصے بعد ایکشن میں نظر آنے والے شاہد خان آفریدی بھی کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام  رہے انہوں نے ایک چھکا تو لگالیا مگر اگلی ہی گیند پر کیچ دے کر واپس پویلین لوٹ گئے، وہ 12 گیندوں پر صرف12 رنز ہی بناسکے۔

روی بوپارا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 40 رنز بنا کر ملتان سلطانز کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 111کے مجموعی اسکور پر وہ بھی وقاص محمود کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

سہیل تنویر نے اننگز کے آخری حصے میں خوب جلوے دکھائے اور 13 گیندوں پر 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 25 رنز جڑ کر ٹیم کا مجموعی اسکور 141 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ میچ کیلئے کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، ایلکس ہیلز، وین پارنیل، شیڈوک والٹن، محمد عامر، وقاص مقصود، شرفین ردرفورڈ، افتخار احمد اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

ملتان سلطانز کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ذیشان اشرف، ایڈم لیتھ، ریلی روسو، روی بوپارا، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہر اور محمد عرفان شامل ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کا آخری مرحلہ مارچ میں ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ملتوی شدہ میچز اب بغیر تماشائیوں کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو رہے ہیں۔

پی ایس ایل 5 کا آخری میچ سات ماہ قبل 15 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں کوئٹہ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

پلے آف مرحلے میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کو بائیو سیکیور ماحول میں رکھا گیا ہے اور انہیں کھلاڑیوں کے علاوہ کسی سے بھی ملنے کی اجازت نہیں ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ویرات کوہلی کا ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ

نئی دہلی: بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ون ڈے اور ٹی …