بدھ , 24 اپریل 2024

ایران میں القاعدہ کے اہم کمانڈر کی ٹارگٹ کلنگ کا اسرائیلی دعوی جھوٹ پر مبنی ، ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی وزارت خارجہ نے القاعدہ کے اہم دہشتگرد عبداللہ احمد عبداللہ عرف "ابو محمد العصری” کی دارالحکومت تہران کے اندر ٹارگٹ کلنگ کے بارے اسرائیلی دعوے کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے امریکی و برطانوی میڈیا کی جانب سے اس حوالے سے جاری کی جانے والی خبر کے بارے ایک سوال کے جواب میں ملک کے اندر القاعدہ کے دہشتگردوں کی کسی بھی قسم کی موجودگی کی سختی کے ساتھ تردید کرتے ہوئے امریکی و برطانوی میڈیا کو نصیحت کی ہے کہ وہ امریکی و صیہونی حکومتوں کے "ہالی وڈ سٹائل” جیسی منظر کشیوں کا شکار نہ بنے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ "القاعدہ کی تشکیل” امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے خطے کے اندر اختیار کردہ ایک غلط سیاست ہے، کہا کہ واشنگٹن اور تل ابیب اس دہشتگرد گروہ (القاعدہ) سمیت خطے کے اندر بنائی گئی تمام دہشتگرد تنظیموں کی مجرمانہ کارروائیوں کی ذمہ داری اپنی گردن سے اتارنے کے لئے ہر کچھ عرصے کے بعد میڈیا کے اندر جھوٹ پر مبنی جعلی اطلاعات نشر کر کے ایسے دہشتگرد گروہوں کے ساتھ ایران کے تعلقات کی جھوٹی تصویر پر مبنی پراپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں۔ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ گو کہ امریکہ نے ماضی میں بھی ایران پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تاہم امریکہ کی موجودہ حکومت کے دوران یہ رویہ ایک مستقل عمل میں تبدیل ہو چکا ہے جبکہ وائٹ ہاؤس اس جیسے بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے ذریعے اپنے ایران-فوبیا منصوبے کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بلاشک یہ بے بنیاد الزام بھی ایرانی عوام پر مسلط کی جانے والی اقتصادی، جاسوسی اور نفسیاتی جنگ کا حصہ ہے۔ انہوں نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے نصیحت کی کہ میڈیا کو چاہئے کہ وہ ایران کے خلاف وائٹ ہاؤس کے بامقصد جھوٹ نشر ہونے کا پلیٹ فارم نہ بنے۔ واضح رہے کہ برطانوی سرکاری میڈیا بی بی سی (BBC) اور امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعوی کیا تھا کہ اسرائیلی انٹیلیجنس نے ایرانی دارالحکومت تہران کے اندر امریکہ کی جانب سے اقدام کرتے ہوئے "ابو محمد العصری” کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا دیا ہے۔ یاد رہے کہ عالمی دہشتگرد تنظیم القاعدہ کا مرکزی دہشتگرد عبداللہ احمد عبداللہ عرف ابو محمد العصری کینیا و تنزانیا میں واقع امریکی سفارتخانوں پر ہونے والے بم دھماکوں کے حوالے سے امریکہ کو انتہائی مطلوب ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …