ہفتہ , 17 اپریل 2021

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے شہر نطنز میں جوہری تنصیب پر حملے کے آپشنز پر غور کیا ، نیویارک ٹائمز کا انکشاف

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایران کے شہر نطنز میں جوہری تنصیبات پر حملے کے لئے مختلف آپشنز پر غور کیا لیکن انتظامیہ کے سینیئر عہدیداروں نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قومی سلامتی کے مشیران سے کہا کہ وہ انہیں بتائیں کہ وہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے لئے کس آپشن پر عمل درآمد کریں۔ جس پر امریکی نائب صدر مائیک پینس ، وزیر خارجہ مائیک پومپیو ، قائم مقام نئے وزیر دفاع کرسٹوفر ملر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارک ملے نےنطنز جوہری تنصیب پر فوجی حملے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کشیدگی میں مزید اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

دریں اثنا وائٹ ہائوس نے نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے آپشنز پر غور کی درخواست اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کی جانب سے ایران کے یورینیم کی افزودگی میں مقررہ حد سے تجاوز کرنے سے متعلق بیان کے ایک روز بعد کی۔ جس پر نیویارک میں اقوام متحدہ میں ایران مشن کے ترجمان علی رضا میر یوسفی نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہے اور صدر ٹرمپ کی پالیسیاں اسے تبدیل نہیں کر سکتیں ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے4 سالہ دور اقتدار میں ایران کے خلاف جارحانہ پالیسی اپنائی اور 2018 میں ایران جوہری معاہدے سے واپسی ، ایرانی عہدیداروں اور اداروں کے خلاف سخت اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر ایران یورینیم کی افزودگی محدود کرنے پر رضامند ہوا تو امریکہ ایران کے جوہری معاہدے میں دوبارہ واپس آئے گا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف کوئی بھی فوجی اقدام نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کے لیے ایران کے ساتھ دوبارہ معاہدے میں مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …