ہفتہ , 20 اپریل 2024

کرونا وائرس کی دوسری لہر: پاکستان میں 24 گھنٹوں میں 42 افراد ہلاک

دنیا بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر ویسا ہی ہو رہا ہے جیسا کہ ماہرین نے اندازہ لگایا تھا۔ کرونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور کئی ممالک ایک مرتبہ پھر سے لاک ڈاؤن لگانے کے بارے میں یا تو سوچ رہے ہیں یا لگا چکے ہیں۔

گذشتہ سال دسمبر میں چین سے شروع ہونے والے کرونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں 1,360,914 (ایک عشاریہ تین چھ ملین) افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

کچھ ایسی ہی صورتحال پاکستان میں بھی ہے جہاں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں مریضوں کے ساتھ ساتھ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

حکام کی جانب سے عوام سے بار بار احتیاط کرنے، پرہجوم مقامات پر نہ جانے اور ماسک پہننے کی اپیلیں کی جا رہی ہیں جبکہ تعلیمی اداروں اور دفاتر کو ایک مرتبہ پھر سے بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پاکستان میں اگر گذشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال کو ہی دیکھا جائے تو سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں دو ہزار 843 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اسی طرح گذشتہ 24 گھنٹوں کے ملک میں 42 افراد کرونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 7603 تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے اب تک ملک میں کرونا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد تین لاکھ 71 ہزار 508 ہو چکی ہے جبکہ ان میں سے تین لاکھ 28 ہزار 931 صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اب تک صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ 2826 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر صوبہ سندھ ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 2799 ہے۔

دنیا میں کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے سے جہاں لوگوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے وہیں حال ہی میں ویکسین کے حوالے سے خبر سے لوگوں کو حوصلہ بھی ملا ہے۔

اسی طرح پاکستان میں بھی کینیڈا اور چینی کمپنی کے اشتراک سے بننے والی کرونا وائرس کی ویکسین Ad5-nCoV کے تیسرے مرحلے اور انسانی ٹرائل کا آغاز ستمبر کے آخری ہفتے میں شروع کر دیا گیا تھا۔

اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقبال پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ویکسین ٹرائل کے لیے خود کو رضاکارانہ طور پر پیش کیا تھا۔

ڈاکٹر اقبال خان نے اپنی گفتگو میں امید ظاہر کی تھی کہ اب تک جتنے افراد نے پاکستان میں ٹرائل میں حصہ لیا، ڈیٹا کے مطابق ٹرائل کامیاب جا رہا ہے اور دو سے تین ماہ میں ’اچھی خبر‘ ملنے کی توقع ہے۔

دنیا بھر کی صورتحال

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی جانب سے جمعے کو اکھٹے کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق اب تک کرونا وائرس سے دنیا میں 1360914 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹے میں دنیا بھر میں مزید 11100 افراد لقمہ اجل بنے جب کہ وائرس کے 661065 نئے کیس سامنے آئے۔ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک برازیل ہے جہاں 168061 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

اس کے بعد بھارت ہے جہاں 131578 اموات ہوئی ہیں، میکسیکو میں 100104 افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر موت کے منہ جا چکے ہیں۔ میکسیکو چوتھا ملک ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے جبکہ برطانیہ میں 53775 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارت کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں متاثرین کی تعداد 90 لاکھ سے زیادہ ہے۔ پہلے نمبر پر امریکہ ہے۔

کئی ماہرین کو شبہ ہے کہ بھارت میں کم ٹیسٹ ہونے کی وجہ سے متاثرین کی تعداد بھی کم ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹے میں 585 نئی اموات ہوئی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …