پیر , 30 نومبر 2020

کابل دوسرے روز بھی دھماکوں سے گونج اٹھا

افغانستان کا دارالحکومت کابل آج دوسرے روز بھی دھماکوں سے گونج اٹھا، اتوار کی صبح ہونے والے دو دھماکوں میں سے ایک میں افغان آرمی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں آج بھی دو بم دھماکے ہوئے، ایئرپورٹ کے قریب ٹائم ڈیوائس کے ذریعے افغان آرمی کی گاڑی کو دھماکے سے اڑایا گیا جس کے نتیجے میں چار افسران شدید زخمی ہوئے۔

افغان میڈیا رپورٹ کے مطابق دوسرے دھماکے میں ٹیکسی کو نشانہ بنایا گیا جس میں تین افراد زخمی ہوئے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق دوسرے روز ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان تو انہیں ہوا البتہ 7 افراد زخمی ہوئے جن میں چار فوجی افسران بھی شامل ہیں۔

ایئرپورٹ کے قریب نشانہ بننے والی فوجی گاڑی میں زخمی ہونے والوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی کہ کابل میں دوسرا دھماکا صبح 6 بجے کے قریب ہوا جس میں ٹیکسی کو مقناطیسی بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہوا جبکہ دو راہگیر بھی اس کی زد میں آئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کابل میں دو مختلف مقامات پر 23 راکٹ حملے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور گیارہ کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ روز ہونے والے حملوں کے بعد آج دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے، پولیس اور فورسز کی نفری جگہ جگہ تعینات تھی۔

یہ بھی دیکھیں

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلی کو ایک بار پھرحراست میں لے لیا گيا

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے ایک …