اتوار , 11 اپریل 2021

شہید محسن فخری زادہ کی شہادت عالمی استعمارکی طرف سے توحیدی طاقتوں کا راستہ روکنےکی گھناؤنی سازش ہے ، علامہ محمد امین شہیدی

اُمتِ واحدہ پاکستان کےسربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے ایرانی سائنسدان ڈاکٹر محسن فخری زادہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد: اُمتِ واحدہ پاکستان کی طرف سےجاری کردہ اعلامیہ میں علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہےکہ شہیدڈاکٹر محسن فخری زادہ کی المناک شہادت تمام امتِ مسلمہ کے لئے گراں ہے کیونکہ وہ ایک ممتاز جوہری سائنسدان ہونےکےساتھ ساتھ عالمِ اسلام کا سرمایہ بھی تھے۔ اُن کی عظیم شہادت کو محض ایک فرد کی شہادت قرار نہیں دیا جا سکتا؛ دراصل یہ عالمی استعمار کی طرف سے اسلام اور توحیدی طاقتوں کا راستہ روکنے کی ایک اور گھناؤنی سازش تھی۔

شہید فخری زادہ کی شہادت ہمارے لئے فخر کا باعث ہےجو ہمیں کربلا کے شہداء کی طرف سےبطور میراث عطا ہوا ہے۔ اگر کربلا نہ ہوتی تو ہم ہمیشہ اپنے پیاروں کی شہادت پر بےچین ہوتے، لیکن کربلا میں حُسین ابنِ علیؑ کی شہادت نے ہمیں بتایا کہ اسلام وہ گرانقدر سرمایہ ہے کہ جس کی خاطر حُسین ابنِ علیؑ جیسی عظیم شخصیت بھی شہید ہونےکے لئے بیتاب نظر آتی ہے۔ جب علی ابن ابی طالبؑ اور حُسین ابنِ علیؑ نےحق کا بول بالا کرنے کے لئے شہادت کوچُنا تو پھر ہمیں بھی دین کی سربلندی کے لئے جامِ شہادت نوش کرنےکے لئے تیار رہنا چاہیے۔

چونکہ ڈاکٹر محسن فخری زادہ میں ایک شہید میں پائی جانے والی تمام خصوصیات موجود تھیں اور وہ شہادت جیسے عظیم رُتبہ کو پانےکے لئے ہمہ وقت تیار تھے، اسی لئے انہوں نے اِس دیرینہ آرزو کو پا لیا۔ وہ اِس پاکیزہ خواہش کا اظہار وقتًا فوقتًا کرتے رہتے تھے اور یقینًا وہ اس اعلی مقام کے مستحق تھے۔ہم جیسےحیات لوگوں کو فکرمند ہونا چاہیے کہ اتنےمعزز لوگ اعلی اہداف کے حصول کے لئےجامِ شہادت نوش کرچکے،لیکن ہم اِس عظیم رتبہ سے ابھی تک محروم ہیں۔

پس ہمیں بھی دین کی خاطر اپنی ہستی قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ اس بات کا مطلب یہ نہیں ہےکہ خدا کی راہ میں قتل ہو جانے کے بعد استعماری وجابر طاقتوں کے لئے راستہ کھلا چھوڑ دیا جائے۔ شہید ڈاکٹر محسن فخری زادہ کی المناک شہادت کا انداز یہ بتاتا ہے کہ اسرائیل کےساتھ امریکی اور یورپی طاقتوں نے بھی اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس عظیم انسان کو شہید کرنے کی گھناؤنی سازش کی۔ اگرچہ یہ طاقتیں اپنے مذموم مقصد میں بظاہر کامیاب نظر آتی ہیں لیکن تاریخ گواہ ہے اور ہم بھی یہ نظریہ رکھتےہیں کہ ایسی شہادتیں ظلم کے خاتمہ کی نوید ہُوا کرتی ہیں ؛حق کو تقویت اور نیاعزم بخشنے کے ساتھ باطل کو نابود کرنے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔

ہمیں یقین ہےکہ شہید فخری زادہ کی شہادت اور خونِ ناحق سے بھی یہی نتیجہ نکلے گا۔ان شاءاللہ! جس مذاکراتی دلدل کی آڑمیں ایران کے جوہری پروگرام کو لپیٹنے کے لئے پورا یورپ اور امریکہ پریشان ہے اور تمام عالمی دشمن طاقتوں نے اپنی توانائی اس ہدف کے حصول میں لگارکھی ہے؛اللہ نےچاہا تو اس کا اختتام بھی شہید کے خون کےذریعہ ہو گا۔ ایران اپنے پُر امن جوہری پروگرام کو لےکر آگے بڑھے گا اور دشمن کی نگاہوں کےسامنے علمی،صنعتی اور سائنسی ترقی کی اُس معراج تک پہنچے گا جو دشمنوں کے لئے ناقابلِ برداشت ہوگا اور وہ خود ہی اپنےغیض وغضب کاشکار ہو جائیں گے۔

میں شہید ڈاکٹر محسن فخری زادہ کی المناک شہادت کے موقع پر امامِ زمانہ عجل اللہ تعالی ،اُن کے نائبِ برحق آیت اللہ العظمی سیدعلی خامنہ ای ، ملتِ ایران اور بالخصوص شہید کے خانوادہ کی بارگاہ میں تسلیت عرض کرتا ہوں اوردعاگو ہوں کہ اللہ تعالی ہمیں بھی اِس شہید کے راستہ پر ثبات ِقدم کے ساتھ چلنے اور عالمی استعمار کا راستہ روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق اور سعادت عطا فرمائے ۔

الہی آمین۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …