جمعہ , 19 اپریل 2024

عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے، حریت کانفرنس

غیر قانونی طور پربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار کرے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیرکے حوالے سے کئی قراردادیں منظور کی ہیں جن میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان قراردادوں کو منظور ہوئے 72سال گزر چکے ہیں لیکن یہ مسئلہ آج بھی حل طلب ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور کشمیری عوام روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں لیکن عالمی ادارہ بھارت کے سامنے بے بس نظر آتا ہے اور باقی دنیا بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریفرنڈم کرائے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی ایک کے بعد دوسری نسل تنازعہ کشمیر کی نذر ہو رہی ہے اور وہ بھارتی جبر و تسلط میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

مولوی بشیر احمد نے کہا کہ مسلم اکثریتی ریاست ہونے ناطے 1947ء میں کشمیری عوام نے پاکستان کا انتخاب کرنا چاہا لیکن بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوج داخل کر کے اس پر غاصبانہ قبضہ کرلیا اور اب کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل جاری کررہا ہے۔

انہوں نے کہا جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور اگر مقبوضہ جموں و کشمیر میں یونہی ظلم و ستم جاری رہا تو دنیا کے امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں کی طرف توجہ دے۔انہوں نے کہا کہ اسلحے کے زور پر کشمیری قوم کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا بھارتی فوج لامحدود اختیارات حاصل ہونے کی وجہ سے قتل وغارت، لوٹ مار اور بدعنوانی میں خطرناک حد تک ملوث ہوچکی ہے جس کا اعتراف ایمنسٹی انٹرنیشنل اور سابق صدر امریکہ نے بھی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کے خلاف اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

حریت رہنما نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں اقلیتوں پر جاری ظلم و ستم اور مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کا نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …