جمعرات , 25 اپریل 2024

افغانستان میں ٹی وی چینل کی خاتون اینکر فائرنگ سے جاں بحق

افغانستان میں ایک ہفتے کے دوران میڈیا سے وابستہ افراد کے قتل کا تیسرا واقعہ پیش آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق افغانستان میں نامعلوم مسلح افراد نے جلال آباد شہر میں مقامی ٹی وی چینل کی خاتون صحافی ملالہ میوند کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔

انعکاس ریڈیو اور ٹی وی کی نیوز کاسٹر ملالہ میوند جمعرات کی صبح گھر سے دفتر آ رہی تھیں جب نامعلوم حملہ آوروں نے ان کو نشانہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق ملالہ میوند کے ساتھ گاڑی کا ڈرائیور بھی فائرنگ کی زد میں آیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔

افغانستان میں حالیہ عرصے میں صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ کارکنوں پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گزشتہ ہفتے ریڈیو آزادی سے منسلک الیاس دائے صوبے ہلمند میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں مارے گئے تھے۔ جبکہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں طلوع نیوز کی ایک سابق نیوز کاسٹر یما سیاوش کو قتل کر دیا گیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …