ہفتہ , 17 اپریل 2021

یمن کو ہر طرح سے آزاد کروانے کا وقت آ گیا: وزیر دفاع

 

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر دفاع نے جارح ملکوں کے مقابلے میں یمن کی استقامت پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کو ہر طرح سے آزاد کرائے جانے کا وقت آگیا ہے۔

 

 المیادین ٹی وی  چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی نے یمن کی خود مختاری اور  آزادی کے لئے جدوجہد کے آغاز اور اس ملک کے مقبوضہ علاقوں سے غاصب قوتوں کے غیر مشروط انخلا اور علاقے میں امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والا سعودی اتحاد، اس وقت شکست و انتشار کا شکار ہے اور اس اتحاد کو اپنے ہر مقصد میں ناکامی کا منھ دیکھنا پڑا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی اور صیہونی حکومت کے فیصلوں پر عمل اور ان فیصلوں کی حمایت کرنے والے ملکوں کو جان لینا چاہئے کہ یمنی قوم، دشمنوں اور سازباز کرنے والے ملکوں کے مقابلے میں مکمل ڈٹی ہوئی ہے اور وہ تمام سازشوں کو خاک میں ملانے کے لئے اپنی جدوجہد مسلسل جاری رکھے گی۔

یمنی وزیردفاع محمد ناصر العاطفی نے یمن کے جدید ترین دفاعی ہتھیاروں کی تیاری میں کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ایسے اسلحے موجود ہیں کہ جنھیں دشمن ممالک کے ہتھیار ناکام بنانے کی توانائی نہیں رکھتے۔

دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ کو یمنی عوام کے خلاف سعودی اتحاد کے جرائم میں شریک قرار دیا ہے۔ یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے یمن کے محاصرے پر اقوام متحدہ کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کا محاصرہ اور اسی طرح صنعا ایئرپورٹ اور الحدیدہ بندرگاہ کا بند ہونا ایک ایسا جرم ہے کہ جس پر اقوام متحدہ کی خاموشی، یمنی قوم کے حق میں سعودی اتحاد کا ظلم و  جارحیت جاری رہنے کی راہ ہموار کرتی رہی ہے۔

یمن کی حکومت نے اپنے ملک کے جاری محاصرے اور یمن پر سعودی اتحاد کی مسلسل وحشیانہ جارحیتوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی کو بارہا شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کے خلاف جارحانہ حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری، بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے جس کے باعث اب تک سترہ ہزار سے زیادہ یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …