جمعہ , 23 اپریل 2021

پاکستانی سائنسدان اقبال چوہدری کے لیے بین الاقوامی ایوارڈ

پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اس ضمن میں ان کی تقریباً 1175 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں۔
پیپلز گورنمنٹ آف گونگسکی زوہانگ آٹو نومس ریجن، چین کی جانب سے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کو ’’دی 2020ء گونگسکی گولڈن سلک بال فرینڈ شپ‘‘ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو یہ ایوارڈ اُن کی گونگسکی صوبے کی معاشی و معاشرتی ترقی میں نمایاں خدمات انجام دینے کے لیے دیا جارہا ہے۔ چینی آفیشلز کی جانب سے لکھے گئے ایک خط کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری کو طلائی تمغہ اور ایک لاکھ آر ایم بی بونس ملے گا جس کے لیے تقریبِ تقسیم انعامات مارچ 2021ء میں منعقد ہوگی۔

واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نے آرگینک اور بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اس ضمن میں ان کی تقریباً 1175 سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں۔ امریکا اور یورپ میں ان کی تحریر و ادارت کردہ 76 کتب شائع ہوچکی ہیں۔ علاوہ ازیں 40 انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزید برآں ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو 27 ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے۔ پروفیسر اقبال وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

ایران و چین معاہدے پر امریکہ چراغ پا

امریکی صدر نے ایران اور چین کے 25 سالہ معاہدے پر سخت تشویش کا اظہار …