جمعرات , 25 اپریل 2024

سائنس کی مدد سے چاند کی رویت میں اتفاق پیدا کرنا چاہتے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام اور سائنس میں تضاد نہیں، سائنس کی مدد سے چاند کی رویت کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کرنا چا ہتے ہیں۔

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے نومنتخب چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر کو سائنسی اعتبار سے چاند کی رویت اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اس ضمن میں کاوشوں پر بریفنگ دی گئی۔ فواد چوہدری بھی بریفنگ میں موجود تھے۔

فواد چوہدری نے چیئرمین عبدالخبیر کو چاند کی رویت کے سلسلے میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم رویت ہلال کمیٹی کی قیادت نہیں بلکہ اس کی معاونت کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ سائنس کی مدد سے چاند کی رویت کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس جدید دور میں سائنسی علوم کی مدد سے ہر مسئلے کا حل ممکن ہوچکا ہے اور سائنس سے استفادہ کرنے والی اقوام ہی ترقی کی منزلیں طے کرتی چلی جارہی ہیں، اسلام اور سائنس متضاد نہیں بلکہ اسلام میں علم کو حاصل اہمیت ہی اسے دوسرے مذاہب سے ممتاز کرتا ہے۔

فواد چوہدری نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کو بتایا کہ اسلام آباد میں چاند کی رویت کے لیے آبزرویٹریز بھی قائم کی جارہی ہیں جن کی تنصیب کے مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے، سی ڈی اے سے ان کی منظوری بھی لے لی گئی ہے۔

مولانا عبدالخبیر کا کہنا تھا کہ ہم شریعت کی حدود میں رہتے ہوئے سائنسی علوم سے استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کمیٹی کے تمام ممبران کو وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کروانے کے ارادہ کا بھی اظہار کیا۔

 

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …