جمعرات , 25 اپریل 2024

اسرائیلی حملے: فیصل ایدھی کا امدادی ٹیم فلسطین بھیجنے کا فیصلہ

کراچی: معروفی سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے بیٹے اور ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین فیصل ایدھی نے 7 مئی سے فلسطین میں جاری اسرائیلی حملوں اور پرتشدد کارروائیوں کے تناظر میں فلسطین میں امدادی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے فیصل ایدھی نے پاکستان میں واقع فلسطینی سفارتخانے کو خط لکھا ہے اور امدادی ٹیم بھیجنے کی پیشکش کرتے ہوئے ویزا جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔

خط کے مطابق فلسطینی سفیر کو ارسال کیے گئے خط میں فیصل ایدھی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ہم اس مشکل وقت میں فلسطین کے لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ ہم ہر سطح پر اور خاص طور پر فلسطین کے لوگوں کو خوراک اور طبی امداد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

فیصل ایدھی نے کہا کہ ہمیں، جنگ، زلزلے، حادثات اور طوفانوں وغیرہ میں امدادی کارروائیاں سرانجام دینے کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔

خط میں کہا گیا کہ ہم نے انڈونیشیا میں سونامی، پاکستان اور نیپال میں زلزلے اور لبنان-اسرائیل جنگ کے دوران بھی خدمات سرانجام دی تھیں۔

فیصل ایدھی نے خط میں کہا کہ ‘ہمارے پاس رضاکاروں کی ٹیم موجود ہے جن کے پاس امدادی کام کا تجربہ ہے’۔

خط میں کہا گیا کہ ‘ابتدائی طور پر ہم اسرائیلی حملوں میں متاثر ہونے والوں کو خوراک اور صحت کی سہولیات فراہم کریں گے’۔

مزید کہا گیا کہ ہماری ٹیم سے فیصل ایدھی، محمد احمد، اقرار الحسن، ناصر عزیز اور فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی فلسطین جانے کے لیے تیار ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ہم آپ سے مذکورہ افراد کے ویزا جاری کرنے کی درخواست کرتے ہیں اور فلسطین میں امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی اجازت طلب کرتے ہیں۔

فیصل ایدھی نے کہا کہ آپ کا یہ عمل انسانوں اور انسانیت کو بچانے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔

اس حوالے سے فیصل ایدھی نے بتایا ہے کہ اسلام آباد میں ایدھی فاؤنڈیشن کے نمائندوں کی فلسطینی سفیر سے ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلسطینی سفیر کے مطابق فلسطین میں اس وقت ادویات کی زیادہ ضرورت ہے اور وہ مصر کے راستے فلسطین جائیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

رحیم یار خان : دو قبیلوں میں تصادم کے دوران آٹھ افراد جاں بحق

رحیم یار خان:رحیم یار خان کے نزدیک کچھ ماچھک میں دو قبیلوں میں تصادم کے …