جمعرات , 25 اپریل 2024

بھارت: طوفان ‘یاس’ نے ہزاروں گھر تباہ کر دیے، کولکتہ ایئرپورٹ بند

کولکتہ: مشرقی بھارت میں طاقتور سمندری طوفان ‘یاس’ نے مٹی کے بنے ہزاروں گھر تباہ کر دیے اور کولکتہ کا مصروف ترین ایئرپورٹ بند کرنے پر مجبور کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کے مطابق سمندی طوفان سے ساحلی علاقوں میں شدید نقصان پہنچا اور یہ ایک ہفتے میں آنے والا دوسرا سمندری طوفان ہے۔

حکام نے کہا کہ طوفان ‘یاس’ کے باعث 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلیں، جبکہ متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو مجبوراً نقل مکانی کرنا پڑی۔

گزشتہ ہفتے طوفان ‘تاؤتے’ بھارت کے مغربی ساحل سے ٹکرایا تھا۔

حکام نے کہا کہ طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے 10 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کر گئے، جبکہ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تصاویر میں ریاست اڑیسہ میں بپھرتے سمندر، تیز ہواؤں اور بارشیں ہوتی دکھائی گئیں، جبکہ دکانیں اور گھر تباہ حال نظر آئے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا تھا کہ اڑیسہ اور پڑوسی ریاست مغربی بنگال سے ‘بہت شدید طوفان’ کے ٹکرانے کا امکان ہے جس کے کچھ اثرات بنگلہ دیش تک میں دکھائی دیں گے حالانکہ اسے طوفان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے صحافیوں کو بتایا کہ طوفان سے مٹی سے بنے تقریباً 20 ہزار گھر اور عاضی پناہ گاہوں کو نقصان پہنچا۔

ایک اور ریاستی وزیر بَنکِم ہازرا نے کہا کہ ‘میں نے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا’۔

خلیج بنگال کے جزیرہ ساگر کے نشیبی علاقوں اور سیاحتی قصبے ڈِگھا میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا، جہاں پولیس اسٹیشن کو شدید نقصان پہنچا۔

بَنکِم ہازرا نے کہا کہ ‘مسلسل اونچی اٹھنے والی لہروں نے ساحلی پٹی کو تباہ کردیا، ہر جگہ ڈوبی ہوئی ہے اور دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے’۔

ریاست کے کولکتہ ایئرپورٹ کو بدھ کی شام تک پروازوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ہر سال ان ماہ میں خلیج بنگال میں طوفان معمول کی بات ہے جو اکثر ساحل سے ٹکراتے ہیں جس سے بھارت اور بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں میں جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …