جمعہ , 19 اپریل 2024

لاہور: حافظ سعید کے گھر کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی

لاہور: لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے گھر کے قریب بم دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے چارکی حالت تشویشناک ہے۔

ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 30 کلو گرام سے زائد غیر ملکی ساختہ دھماکا خیز مواد اوربال بیئرنگ استعمال کیے گئے، دھماکا خیز مواد کار میں نصب تھا، دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جوہر ٹاؤن میں ہونے والا بارودی مواد کا دھماکا ایک گھرکے باہرکھڑی گاڑی میں ہوا جس کے نتیجے میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا اور کئی راہ گیر بھی زخمی ہوئے، دھماکے سے زمین میں 4 فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا اور پانی کے پائپ پھٹ گئے۔

دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے سے ایک گھر زیادہ متاثر ہوا جبکہ دیگر گھروں کو بھی دھماکے سے نقصان پہنچا۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکار، ایک خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں اور جلنے کے باعث تمام زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ایک شخص موٹر سائیکل کھڑی کر کے گیا، پھر دھماکا ہو گیا: عینی شاہد
جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی ایک عینی شاہد خاتون کا کہنا ہےکہ ایک آدمی موٹر سائیکل کھڑی کرکےگیا،پھر موٹر سائیکل دھماکےسے پھٹ گئی۔

دھماکا ملک دشمن عناصرکی کارروائی ہے،آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ دھماکا ملک دشمن عناصرکی کارروائی ہے، حافظ سعید کا گھر ٹارگٹ ہونے کےسوال پر آئی جی پنجاب نے کہاکہ ہائی ویلیو ٹارگٹ گھر کے قریب پولیس پکٹ ہے، اسی لیےگاڑی گھر کے قریب نہیں جاپائی، ان کا خیال ہے کہ ٹارگٹ پولیس تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دھماکے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے جناح اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے علاج و معالجے کا جائزہ بھی لیا۔

یہ بھی دیکھیں

عمران خان نے تحریک انصاف کے کسی بڑے سیاسی رہنما کے بجائے ایک وکیل کو نگراں چیئرمین کیوں نامزد کیا؟

(ثنا ڈار) ’میں عمران کا نمائندہ، نامزد اور جانشین کے طور پر اس وقت تک …