ہفتہ , 23 نومبر 2019

اسرائیل خطے کو مذہبی جنگ میں جھونکنے کی سازش کر رہا ہے: اردن

file_c823c6acd6_168875_18_1467270785

عمان (مانٹیرنگ ڈیسک )اردن نے مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کی تازہ یلغار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کی قبلہ اول کا دفاع سرخ لکیر ہے جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ عمان حکومت نے اسرائیلی حکومت کے اقدامات کو منفی طرزعمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست ایک سازش کے تحت پورے خطے کو ایک نئی مذہبی جنگ میں جھونکنا چاہتی ہے۔اردن کے اسلامی امور اور اوقاف کے وزیر وائل عربیات نے ”صہیونی انتہا پسندوں ” کو مسجد اقصی کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دینے پر اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے خطے میں مذہبی جنگ چھڑ سکتی ہے۔اردنی وزیر نے اسرائیلی پولیس کے مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں مسلم عبادت گزاروں کو گرفتار کرنے اور انھیں تشدد کا نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی ہے۔اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے بھی اسرائیل اور انتہا پسند گروپوں کی مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے کارروائیوں ، بار بار کی خلاف ورزیوں اور غلط کاریوں کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے اردن کے ایک نیم سرکاری اخبار ’’الدستور‘‘ سے انٹرویو میں کہا ہے کہ ”ہم الاقصیٰ کے حوالے سے اپنی مذہبی اور تاریخی ذمے داریوں کو پورا کریں گے”۔انھوں نے کہا کہ ”مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کے متولی کی حیثیت سے میں ان جگہوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھوں گا اور ان کے تقدس کو پامال کرنے والی ہر قسم کی خلاف ورزیوں کے سامنے اٹھ کھڑا ہوں گا”۔اردن کے زیراہتمام وقف اور یہودی کارکنان کے مطابق چار سو سے زیادہ یہود اتوار کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے تھے۔یہود تيشـْعاه بئاف (التاسع من آب) کا تیوہار اس جگہ پر دو قدیم معابد ہیکل اول اور ہیکل دوم کی بابلیوں اور رومنوں کے ہاتھوں تباہی کی یاد میں مناتے ہیں۔اس کا آغاز ہفتے کی شب ہوا تھااور انتہا پسند یہودیوں نے اپنے ہم مذہبوں کو مسجد اقصیٰ میں آنے اور وہاں عبادت کرنے کی ترغیب دی تھی۔اسرائیلی پولیس کے مطابق سات یہودیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کی شرائط کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔انتہا پسند یہود کو قانونی امداد مہیا کرنے والے ایک وکالتی گروپ ہونینو کا کہنا ہے کہ ان میں سے تین کو دعائیہ کلمات پڑھنے اور ایک کو اپنی قمیص پھاڑنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔فلسطینی ذرائع کے مطابق مسجد اقصیٰ میں یہودیوں اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں پندرہ فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینی اتھارٹی نے اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) اور عرب لیگ سے مسجد اقصیٰ میں یہود کی دراندازیوں کو رکوانے کے لیے مداخلت کی اپیل کی تھی۔مسلمانوں کے پہلے قبلہ اول اور تیسرے مقدس مقام مسجد اقصیٰ کے احاطے میں یہود کو ویسے تو مخصوص اوقات میں آنے کی اجازت ہے لیکن انھیں وہاں عبادت کی اجازت نہیں ہے اور وہ جب وہاں عبادت کی کوشش کرتے ہیں تو مسلمان مداخلت کرکے انھیں ایسا کرنے سے روک دیتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

صدر روحانی کا معاشی مشکلات پر عوام کے صبر و تحمل کا شکریہ

تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس میں ایرانی عوام …