جمعرات , 4 مارچ 2021

پنجاب، خیبر پختونخوا کے بڑے اسکولز آج بھی بند

لاہور، پشاور: صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری اور نجی اسکولز سیکیورٹی کے باعث چند دنوں کی تعطیل کے بعد آج سے دوبارہ کھل رہے ہیں۔

لیکن ان صوبوں کے 12 بڑے اسکولوں نے سیکیورٹی کا مسئلہ حل ہونے تک اسکول نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے ’سرد موسم‘ کے باعث 26 سے 31 جنوری تک صوبے کے تمام اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اتوار کے روز پنجاب حکومت اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن (اے پی پی ایس ایف) کے مذاکرات ہوئے اور صوبائی حکومت نے فیڈریشن کے شکایات دور کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم حکومت نے یہ معاملہ صوبے کے بڑے اسکولوں کے نمائندوں کے سامنے نہیں اٹھایا۔

پنجاب کے بڑے اسکولوں کی چین کے ترجمان نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے اس معاملے ہر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، جب تک حکومت اسکولوں کی سیکیورٹی کو یقین نہیں بناتی اور ہمیں ہراساں کرنا نہیں چھوڑا جاتا تب تک ہم اسکولز نہیں کھولیں گے۔

پنجاب کے آج سے نہ کھلنے والے اسکولوں میں لاہور گرامر اسکول، بیکن ہاؤس گروپ سے وابستہ اسکولز (بشمول بی این اور ٹی این ایس ۔ بی)، سٹی اسکول نیٹ ورک، لکاس، سلامت اسکول سسٹم، کڈز کیمپس، لرننگ الائنس اینڈ لاہور پری اسکول، ریسورس اکیڈمیا، ایل جی ایس لینڈمارک اسکولز، الائیڈ اسکولز، اسمارٹ اسکولز اور دی ایجوکیٹرز کے اسکولز شامل ہیں۔

ان اسکولوں نے والدین کو موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کردیا ہے کہ ان کے کیمپس آج بھی بند رہیں گے۔

تاہم اے پی پی ایس ایف اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسو ایشن نے آج سے صوبے کے تمام نجی اسکولز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد سے ملاقات کے بعد، اے پی پی ایس ایف کے نمائندوں نے آج سے صوبے کے ’تمام‘ نجی اسکولز دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر رانا مشہود کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات مکمل ہونے کے بعد چند اسکولز مالکان کے خلاف درج ہونے والے مقدمات واپس لے لیے گئے ہیں اور اب ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کی جائے گا، جبکہ پولیس کو بھی سیکیورٹی کے نام پر اسکول کے عملے کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دریں اثنا حکومت پنجاب نے اسکولوں کے سیکیورٹی ایس او پیز کے حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے دو بڑے اسکولوں نے بھی دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر اپنی شاخیں نہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے دی سٹی اسکول اور بیکن ہاؤس اسکول سسٹم کے طلبہ کے والدین کو پیغام بھی بھجوا دیا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کا خاتمہ، پاکستانی قوم کی خواہش

حماس کے رہنما اسمٰعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کی حمایت …