ہفتہ , 6 مارچ 2021

عالمی منڈیوں میں طوفانی ہلچل؛ پاکستان میں سونے کی قیمتیں1100روپے تک بڑھ گئیں

29

کراچی: امریکی بینکاری ریگولیٹر فیڈرل ریزرو کی چیئرپرسن کی جانب سے عالمی اور امریکی معیشت سے متعلق خدشات ظاہرکرنے، عالمی سطح پر ڈالر کے منہ کے بل گرنے، مالیاتی نظام کے عدم استحکام کے اندیشوں پر حصص واجناس کی عالمی منڈیوں میں ہلچل اور سرمایہ کاروں خصوصاً چینی انویسٹرز اور مرکزی بینکوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں جمعہ کو نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت3.6 فیصد تک بڑھ گئی، عالمی سطح پر سونا مہنگا ہونے سے مقامی صرافہ مارکیٹس میں بھی قیمتوں میں2.4 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یورپی بینکوں کے حصص کی قیمتیں کئی سال کی کم ترین سطح تک گرنے کی وجہ سے مالیاتی عدم استحکام کے خدشات پیدا ہوئے، کم شرح سود اور نمو کے ماحول میں بینکوں کے منافع کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جس کی وجہ سے سرمایہ کار اپنے پیسے کو محفوظ بنانے کے لیے سونے میں خریداری کر رہے ہیں، برطانوی اور فرانسیسی خبرایجنسیوں کے مطابق جمعرات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں ایک موقع پر سونے کی قیمتیں 1240.90ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی تھیں جو فروری 2015 کے بعد بلندترین سطح ہے۔
تجزیہ کار میتھیو ٹرنر نے کہاکہ امریکی اور عالمی معیشت کے حوالے سے خدشات سونا مہنگا ہونے کی وجہ ہیں، سرمایہ کاروں کو مرکزی بینکوں کی جانب سے منفی شرح سود مقرر کرنے یا شرح سود نہ بڑھانے پر تشویش لاحق ہے جو سونے کیلیے موافق ہے۔ واضح رہے کہ جاپان سمیت کئی ممالک نے سرمایہ ڈپازٹ کرانے کے بجائے معیشت میں لانے کیلیے سود کی شرح منفی کردی ہے یعنی ڈپازٹر کو بینکوں میں پیسہ جمع کرانے پر منافع کے بجائے الٹا اس کی قیمت بھی ادا کرنی ہوگی۔
یہ صورتحال بینکوں کے منافع کیلیے بھی تشویشناک ہے جس کی وجہ سے سونے میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 44 ڈالر کے اضافے سے1227 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی جس سے پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو سونے کی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بالترتیب 1100 اور 943 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان فیصل آباد لاہور اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی تولہ قیمت 48ہزار 200 اور دس گرام سونے کی قیمت 41ہزار 314 روپے ہوگئی، دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 1.9 فیصد بڑھ کر 15.60 ڈالر فی اونس ہوگئی جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹس میں بھی چاندی کی تولہ قیمت5 روپے بڑھ کر665اور 10 گرام 4.29 روپے بڑھ کر570 روپے ہوگئی۔

یہ بھی دیکھیں

حکومت نے تیل و گیس کی پیداوار کی ریئل ٹائم نگرانی شروع کردی

اسلام آباد: صوبوں کی جانب سے شفافیت کے مطالبات سامنے آنے کے بعد وفاقی حکومت …