بیلجیئم میں پیرس حملے کے بعد دہشت گردی مخالف کئی چھاپے مارے گئے ہیں
بیلجیئم کی پولیس نے دو افراد کو نئے سال کے موقعے پر حملے کرنے کے منصوبے کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے۔
اس کے لیے اتوار اور پیر کو برسلز سمیت فلیمش برابینٹ اور لیگ صوبوں میں چھاپے مارے گئے۔
پولیس کو چھاپے کے دوران فوجی وردیاں اور پروپیگنڈا مواد ملے جبکہ کوئی بھی اسلحہ یا دھماکہ خیز مادہ بازیاب نہیں کیا جا سکا۔
خیال رہے کہ پیرس میں 13 نومبر کو ہونے والے حملے کے بعد سے بیلجیئم ہائی الرٹ پر ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیرس حملے کے کئی حملہ آوروں کا بیلجیئم سے تعلق تھا۔
تاہم حکام کا کہنا ہے کہ تازہ گرفتاریاں کا تعلق پیرس حملوں سے نہیں ہے۔
بیلجیئم کے نشریاتی ادارے آر ٹی بی ایف کے مطابق ان مشتبہ افراد پر پولیس سمیت برسلز کے کئی ’علامتی اہداف‘ کو نشانہ بنانے کے منصوبے کا الزام ہے۔
چھاپے کے دوران جو مواد ملا ہے اس میں شام اور عراق میں موجود جنگجو گروپ دولت اسلامیہ کے پروپیگنڈا مواد شامل ہے۔
نومبر میں پیرس جیسے حملے کے خطرے کے پیش نظر برسلز کو چار دنوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا اور اس کے تحت یونیورسٹی، سکول اور میٹرو ریل سروس معطل کر دی گئی تھیں۔