بدھ , 3 مارچ 2021

ایشیائی سپر پاورز کے درمیان جنگ کا میدان سج گیا

458051-asiacupt-1456261103-957-640x480

ڈھاکا: ایشیائی سپر پاورز کے درمیان جنگ کا میدان سج گیا، بگل بدھ کو بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان پہلے معرکے کی صورت میں بجے گا، ایشین چیمپئن کا فیصلہ اس بار ٹوئنٹی 20 محاذ پر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے مین رائونڈ کا آغاز بدھ سے ڈھاکا میں میزبان بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ہورہا ہے، پہلی مرتبہ ایشیائی شوکیس ایونٹ کا انعقاد ون ڈے کے بجائے ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں ہورہا اور اس کی وجہ ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے فل ڈریس ریہرسل کرنا مقصود ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ایشیائی سپر پاورز پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ کوالیفائنگ رائونڈ میں میدان مارنے والی متحدہ عرب امارات کی ٹیم بھی شامل ہے۔
بنگلہ دیش پہلے ہی میچ میں حریف سائیڈ پر ہاتھ صاف کرنے کا ارادہ کیے بیٹھا اور اس کی وجہ اس کا گذشتہ برس ہوم گرائونڈ پر بہترین ریکارڈ ہے جس میں اس نے پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیموں کو زیر کیا تاہم اس نے یہ کامیابیاں ون ڈے فارمیٹ میں حاصل کیں، ٹوئنٹی 20 میں اسے زیادہ تر ناکامیوں کا ہی منہ دیکھنا پڑا ہے، حال ہی میں زمبابوے کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز میں بھی اسے شکست ہوئی تھی۔ اس کے باوجود اس کے حوصلے بلند اور زیادہ دارومدار مستفیض الرحمان پر ہے جوکہ بھارت کے خلاف گذشتہ ہوم ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیش کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرچکے ہیں۔
کوچ چندیکا ہتھورا سنگھے حال ہی میں چٹاگانگ میں لگائے گئے کیمپ میں محمد متھن کی کارکردگی سے کافی متاثر دکھائی دیے، اس لیے انھیں امرالقیس پر ترجیح مل سکتی ہے، ناصر حسین کو باہر بیٹھنا پڑسکتا ہے، نورالحسن وکٹ کیپر کی ذمہ داری نبھاسکتے ہیں۔ دوسری جانب بھارت مختصر ترین فارمیٹ میں بھرپور فارم میں ہے۔
اس نے آسٹریلیا کو اس کے ملک میں وائٹ واش کرنے کے بعد اپنے ہوم گرائونڈز پر سری لنکا کے خلاف 2-1 سے سیریز کامیابی حاصل کی، وہ اسی فارم کو ایشیا کپ میں بھی برقرار رکھنے اور کامیابی سے ایونٹ کا آغاز کرنے کیلیے پرامید ہے۔ ٹریننگ سیشن کے دوران کمر کی تکلیف سے دوچار ہونے والے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے میدان میں اترنے کا فیصلہ آخری لمحات میں کیا جائے گا، اگر وہ کھیلنے کے قابل نہیں ہوئے تو پرتھیو پٹیل ان کی جگہ الیون کا حصہ بنیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیدی

نیپئر: پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹ …