لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے قائد، سابق وزیراعظم نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں انکی والدہ بیگم شمیم اختر، بیٹی مریم نواز، کیپٹن(ر) صفدر، حمزہ شہباز و دیگر اہلخانہ اور پارٹی رہنمائوں نے ملاقات کی۔ اہل خانہ نواز شریف کیلئے دوپہر کا کھانا اور ضروری سامان بھی لے کر آئے جو ان کے حوالے کیا گیا ۔اہل خانہ نے کھانا اکٹھے کھایا۔ ذرائع کے مطابق والدہ نے نواز شریف کو گلے سے لگایا اور آبدیدہ ہو گئیں اور انہیں دعائیں دیتی رہیں،باقی اہل خانہ بھی نواز شریف سے گلے ملے اور اس موقع پر جذباتی مناظر تھے ۔ملاقات کیلئے مقررہ وقت کے بعد اہل خانہ واپس روانہ ہو گئے ۔
علاوہ ازیں پارٹی رہنمائوں راجہ ظفر الحق ،ایاز صادق ،محمد زبیر ،رانا تنویر ،خرم دستگیر ،سائرہ افضل تارڑ، پرویز ملک،زاہد حامد، روحیل اصغر، میاں مرغوب و دیگر نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی اور یکجہتی کا اظہا رکیا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر احتساب عدالت کے فیصلے پر اپیل دائر کرنے ، مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواز شریف سے ملاقات کیلئے لیگی کارکنان بھی کوٹ لکھپت جیل پہنچے تاہم اجازت نہ ملنے پر جیل کے باہر ہی نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے لئے آنے والی لیگی قیادت کے سامنے نوازشریف اپنی بے بسی کارونا روتے رہے ۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ انہیں جیل کی بیرک سے باہر بھی نہیں نکلنے دیا جاتا۔ انہوں نے کہا میں نے ملک کو ترقی دی ، موٹروے بنائی، مجھے یہ صلہ ملنا تھا؟ نوازشریف نے ملنے والوں سے کہا ملک کوکہاں چھوڑ کرگئے تھے ، اب معیشت کا برا حال ہو گیا ہے ،تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں دلاسا دیتے ہوئے کہا آپ وزیراعظم رہے ہیں، ہم آپ کی سکیورٹی کرتے ہیں۔بعدازاں مریم نواز نے ٹویٹ کیا کہ جیل میں نواز شریف سے ملکر آئی ہوں ،الحمداﷲ نواز شریف ٹھیک ہیں اور انکے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا عوام کے جذبات اور نیک خواہشات نواز شریف تک پہنچاتی ہوں، والد کو بتاتی ہوں کہ کس طرح ان کے شیر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیک خواہشات اور دعائوں میں یاد رکھنے والوں کی شکر گزار ہوں ۔ خرم دستگیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا نظریہ ہے کہ عوام کو ہی حق حکمرانی دیا جائے ، سابق وزیراعظم کے ساتھ خلاف قانون کچھ کیا گیا تو اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے ۔سائرہ افضل تارڑ نے کہا ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے ، حکمران جو مرضی کر لیں نوازشریف کی محبت کو دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا نواز شریف حوصلے سے جیل میں وقت گزار رہے ہیں، میں چیلنج کرتا ہوں حکومت 50 لاکھ گھر کیا دو لاکھ گھر بھی نہیں بنا سکتی۔