ہفتہ , 20 اپریل 2024

ولی عہد محمد بن زید النہیان کے دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت کا اعلامیہ جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں طویل المدتی سرمایہ کاری فریم ورک پر اتفاق اور تجارت بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، یو اے ای پاکستان کو بیلنس آف پیمنٹ کیلئے3ارب ڈالر دے گا۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان ایک روزہ دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت نے اعلامیہ جاری کردیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ولی عہد محمد بن زید النیہان نے12سال بعد پاکستان کا دورہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کی وزیراعظم ہاؤس میں مہمان نوازی کی، دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی، خطے کے امن اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کےعزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں کی جانب سے ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی گئی، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا، ولی عہد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے یو اے ای کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں انسداد پولیو کے خاتمے کیلئے حمایت پر ولی عہد سے اظہار تشکر کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے اماراتی قیادت کو اصلاحاتی ایجنڈے اور احتساب، شفافیت کے لیے اٹھائے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار اور وادی کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے ولی عہد کو افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے مفاہمتی مذاکرات میں مہمان نوازی پر یو اے ای کے کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے دیرپا امن اور استحکام میں مل کرکام پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان اور یو اے ای کے گہرے اعتماد پر مبنی تعلق کو مزید مضبوط کرنے پرزوردیا گیا، ایک دوسرے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں طویل المدتی سرمایہ کاری فریم ورک پراتفاق اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، یو اے ای پاکستان کو بیلنس آف پیمنٹ کے لئے3ارب ڈالر دے گا، وزیراعظم عمران خان نے3ارب روپے کی امداد پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مالی تعاون یو اے ای کے مسلسل عزم اور دوستی کو ظاہر کرتا ہے، وزیراعظم نے یواےای کی سرمایہ کاری کی خواہش کو خوش آئند قرار دیا۔

اعلامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سےپاکستان میں بڑی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے، یو اے ای تیل، گیس سمیت بندرگاہوں اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، دونوں ممالک کابین الوزارتی کمیشن اجلاس آئندہ ماہ دبئی میں منعقد کرانے کا فیصلہ اور زیر التوا معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔دونوں ممالک کے درمیان منی لانڈرنگ، وائٹ کالر جرائم کے خاتمے کیلئے باہمی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …