جمعرات , 18 اپریل 2024

شیعہ افغانی قوم کا اہم حصہ اور ہمارے بھائی ہیں: ترجمان طالبان

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)طالبان کے ترجمان کا کہنا ہےکہ ایران کو ہم افغان قوم کا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک نیوز ایجنسی کے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جدوجہد اس وقت تک ترک نہیں کریں گے، جب تک امریکی ہماری سرزمین پر موجود ہے، شیعہ افغانی قوم کا اہم حصہ ہیں اور ہم انہیں بھائی تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو ہم افغان قوم کا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور ہم ایرانی قوم اور حکومت کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ہماری طرف سے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی اور یہ پالیسی دیگر پڑوسی ممالک کے لئے بھی ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک قیادت اور لائحہ عمل ہے جس کے ذریعے ہم بہت سے پڑوسی اور دوست ممالک سے رابطے میں ہیں، بالکل اسی طرح ہم ایران کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں اور اس کے ساتھ ہم اپنے تعلقات کو بہتر کر رہے ہیں، جو کہ ہمارے لئے بہت ضروری ہے۔

ترجمان افغان طالبان نے مزید کہا کہ افغان عوام پر امریکی ڈرون حملوں اور وسائل کی لوٹ مار پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے، افغانستان کے عوام کسی بھی جبر و تسلط کو قبول نہیں کریں گے، امریکی افواج کی افغانستان سے واپسی ہی مسئلے کا واحد حل ہے اور ہم پر یہ بات اچھی طرح سے واضح ہے کہ امریکہ اپنے وعدوں کو نظرانداز کرتا رہا ہے اور اپنے عہد کو بھی بدلتا رہا ہے، اگر امن مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور امریکہ نے اپنی افواج کو افغانستان سے نہ نکالا تو اس بات میں کوئی دوسری رائے نہیں کہ ہم انہیں طاقت کے ذریعے افغانستان سے باہر نکالیں گے۔

طالبان ترجمان نے کہا کہ افغانستان کے عوام داعش کو ایک مسئلہ سمجھتے ہیں، داعش کسی بھی اسلامی قانون کو نہیں مانتی اور ان کی جڑیں اسلام اور شریعت سے نہیں ملتیں۔

یہ بھی دیکھیں

روس کے الیکشن میں مداخلت نہ کی جائے: پیوٹن نے امریکا کو خبردار کر دیا

ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ …