بدھ , 24 اپریل 2024

حویلیاں طیارہ حادثہ کیوں پیش آیا؟ وجوہات سامنے آگئیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حویلیاں کے قریب اے ٹی آر طیارہ حادثہ کی وجوہات سامنے آگئی ہیں، سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ (ایس اے بی ) نے طیارے میں اہم تکنیکی خرابیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ میں پی آئی اے کی جانب سے انجینئرنگ غفلت اور لاپرواہی بھی ظاہرکی ہے۔سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے حویلیاں طیارہ حادثے کے دو سال بعد ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے۔

حویلیاں طیارہ حادثے کی تحقیقات حتمی نتیجے پر پہنچنے کے قریب ہیں، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ پرواز 7دسمبر 2016 کو چترال سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئی تھی، پرواز پی کے 661 میں 47 سے زائد مسافر حادثے کا شکار ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق طیارے کے انجن 10 ہزار گھنٹے مکمل ہونے کے باوجود تبدیل نہیں کئے تھے، انجن نمبر 1 اور پاور ٹربائن کی مرمت نہ ہونے سے خرابی پیدا ہوئی تھی، طیارے کی مرمت کا کام 11 نومبر 2016 کو ہونا تھا جو نہیں کیا گیا۔رپورٹ میں پی آئی اے کی انجینئرنگ غفلت ولاپرواہی ظاہرکی گئی جبکہ ایس آئی بی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق وائس ریکارڈر میں کپتان نے حویلیاں کے قریب کنٹرول ٹاور کو میڈے میڈے کی کال دی تھی، اس کے بعد کپتان کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیاتھا جبکہ ایس آئی بی نے بلیک بکس اور وائس ریکارڈر سے ملنے والی تمام ریکارڈنگ طیارہ ساز کمپنی اور انجن ساز کمپنی کو روانہ کی تھی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انجن ساز کمپنی کی جانب سے ایس آئی بی کو حتمی رپورٹ پیش کردی گئی ہے، ایس آئی بی اپنی مکمل رپورٹ تیار کرکے وزیر اعظم کو پیش کرے گا۔

یاد رہے کہ 7 دسمبر 2016 میں چترال سے اسلام آباد آنے والے طیارے کو حویلیاں کے قریب حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں معروف مبلغ جنید جمشید سمیت 47 مسافر شہید ہوگئے تھے۔

طیارے کے بلیک باکس پر کی جانے والی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ دوران پرواز اے ٹی آر طیارے کا ایک انجن اچانک بند ہوگیا تھا، انجن بند ہونے کی اطلاع کپتان نے فوری طور پرکنٹرول ٹاور کو دی تھی، کپتان میڈے، میڈے کی کال کرتا رہا لیکن کچھ ہی دیر بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …