جمعہ , 19 اپریل 2024

سیکیورٹی خدشات کے باعث گوگل نے پلے اسٹور سے متعدد ایپلیکیشنز ہٹادیں

سان فرانسسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل کمپنی نے حال ہی میں اپنے پلے اسٹور سے سیکیورٹی خدشات کے باعث متعدد نامور اپیلیکشن ہٹا دی ہیں۔اس ضمن میں گوگل نے پلے اسٹور سے 85 کے قریب ایسی ایپلیکشن ہٹائیں جو نجی کمپنیوں نے تیار کیں تھیں۔پلے اسٹور سے ہٹائی جانے والی اپیلیکشنز میں سے متعدد ٹی وی ریموٹ کنٹرول کرنے کے حوالے سے تھیں جن میں سے ایک ایپ کو 90 لاکھ سے زائد بار صارفین نے ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔

گوگل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایپلیکشنز کو ہٹانے کا فیصلہ صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، انکے بقول مذکورہ کمپنیاں اب دوبارہ اس طرز کی ایپس پلے اسٹور پر اپ لوڈ نہیں کرسکیں گی۔کمپنی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی پر نظر رکھنے والے ماہرین نے مسلسل مانیٹرنگ کے بعد ان ایپلیکشنز کی نشاندہی کی جو ایڈویئر کا کردار ادا کررہی تھیں۔

گوگل کی جانب سے مختلف گیمز اور موبائل ایپلیکشنز ان لاک کرنے والی ایپس کو بھی پلے اسٹور سے ہٹایا گیا ہے۔کمپنی نے صارفین کو خبردار کیا کہ وہ غیر تصدیق شدہ ایپلیکشنز ڈاؤن لوڈ کرنے سے گریز کریں۔

گوگل کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہٹائی جانے والی ایپلیکشنز کے حوالے سے صارفین کی مسلسل شکایات بھی موصول ہورہی تھیں جن کے خلاف اقدامات بہت ضروری تھے کیونکہ ہم اپنے صارف کو شفاف اور اچھا پلیٹ فارم فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

کمپنی ترجمان کے مطابق پلے اسٹور پر مستقبل میں مزید ایپلیکشنز پر پابندی لگائی جائیں گی۔موبائل سیکورٹی سسٹم پر نظر رکھنے والے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ گوگل مستقبل میں اپنے پلے اسٹور سے 7 لاکھ سے زائد ایپلیکشنز ہٹائے گا۔

یہ بھی دیکھیں

گوگل ایپ میں سرچ بار کی جگہ تبدیل کرنے کی تیاری

کیلیفورنیا: 2021 میں آزمائے جانے کے بعد گوگل ایپ اینڈرائیڈ میں دوبارہ اسکرین پر نیچے …