پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع بیکری میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 50 کے قریب افراد زخمی ہو گئے۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں عمارت کا گراؤنڈ فلور جل کر راکھ ہو گیا جبکہ دھماکے کے باعث قریب کھڑی کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔
فرانس کے وزیر داخلہ کرسٹوف کیسٹینر نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو سویلین اور دو فائر فائٹرز شامل ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 10 افراد کو شدید نوعیت کے زخم آئے ہیں جب کہ 37 افراد معمولی زخمی ہیں۔حکام کے مطابق بیکری میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے 200 فائر فائٹرز اور دو ہیلی کاپٹرز نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔