اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا دورہ سندھ طے ہوگیا جس کے نتیجے میں سندھ کی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر ہلچل کا امکان پیدا ہوگیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا ایک روز روزہ شیڈول ہوگیا جس کے مطابق وہ 25 جنوری کو سندھ کا دورہ کریں گے اور اس دوران صوبے کی اہم سیاسی شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔
وزیر اعظم سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات سندھ کا دور روزہ دورہ کریں گے جس کے لیے شیڈول تیار کرلیا گیا، فواد چوہدری 15 اور 16 جنوری کو سندھ کی اہم سیاسی شخصیات اور ہم خیال جماعتوں سے اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو گھوٹکی دورے کی دعوت علی گوہر خان مہر ے دی جسے انہوں نے قبول کرلیا، دورہ سندھ کے دوران عمران خان پارٹی امور کا جائزہ لیں گے اور اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اعظم اور وفاقی وزیر اطلاعات کے دوروں سے سندھ کی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر ہلچل ہونے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ عمران خان نے سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال اور صوبے کی کشمکش کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے دورے کا اشارہ دے دیا تھا۔
سندھ کی اپوزیشن جماعتیں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کررہی ہیں جبکہ دوسری طرف پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن صوبائی اسمبلی نے گزشتہ ماہ اسلام آباد میں عمران خان سے اہم ملاقات کر کے انہیں سندھ کے دورے کی دعوت بھی دی تھی۔