لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں بچوں کو روزانہ اسباق پڑھانے اور ہوم ورک دینے کے لیے نئی ایپلیکیشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس کا کہنا ہے کہ صحت مند وتوانا نئے پاکستان کے حصول کیلیے سکولوں میں سپورٹس کی سرگرمیوں کو خصوصی طور پر فروغ دیا جائے گا تاکہ صحت مند طالبعلم کرپشن سے پاک اور تعلیم یافتہ پاکستان کے قیام میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔اس حوالے سے محکمہ سکولز ایجوکیشن کے زیر انتظام سکولوں میں ہر ہفتے کھیلوں کے دو پیریڈ مختص ہوں گے۔اسی طرح تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر اسکولوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کرائے جائیں گے تاکہ سپورٹس کا بہترین ٹیلنٹ سامنے آئے۔
منگل کے روز مراد راس نے پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ آفس میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کو مہمیز دینے کے لئے ایک کمپیوٹررائزڈ اپیلی کیشن تیار کی جارہی ہے۔ ’’ٹیچرز ایپلی کیشن ‘‘ نامی یہ کمپیوٹر سافٹ وئیر پہلے مرحلے میں لاہورکے 100منتخب پرائمری سکولوں میں متعارف کروایا جائے گا۔
ان کے مطابق اس سافٹ وئیرکے ذریعے سائنس، ریاضی اور انگلش کے مضامین پڑھائے جائیں گے۔اساتذہ اپنے اکاؤنٹ سے لاگ ان ہو کر اپنے روزانہ کے اسباق پڑھائیں گے اور بچوں کو ہوم ورک دینے کے لئے بھی یہ اپیلی کیشن استعمال ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اس ایپلی کیشن کے ذریعے اساتذہ کی تعلیمی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ اور تعلیمی عمل میں پیش رفت کا جائزہ بھی ممکن ہو گا۔
صوبائی وزیر مراد را س نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ کا روایتی تعلیمی کردار بدلا جارہا ہے، اب وہ چینج ایجنٹ کے طور پر کام کریں گے اور طالب علموں کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ انہیں فیوچر لیڈرز کے طور پر تیار کریں گے۔
مراد راس نے ہدایت کی کہ یونین کونسل کی سطح پر محکمہ ہائے لوکل گورنمنٹ اور صحت سے کم عمر بچوں کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا جس سے ان بچوں کے تعلیمی عمل کی متواتر نگرانی ممکن ہو گی۔ اس طرح آؤٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی ممکن ہو سکے گی اورہر بچہ سکول میں داخل ہو گا جس سے 100فیصد شرح خواندگی کے حصول میں مدد ملے گی۔
صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ انٹیگریٹڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے اساتذہ کی الیکٹرانک ٹرانسفر پالیسی متعارف کروائی جائے گی۔ اس سسٹم کی بدولت اساتذہ کی پوسٹنگ ٹرانسفر کے عمل میں تاخیر کا خاتمہ ہو گا، شفافیت کے عمل کو تقویت ملے گی اور میرٹ وڈسپلن کا موثر نفاذ بھی ممکن ہو گا۔
اجلاس میں سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن ظفر اقبال اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن ظفر اقبال نے اجلاس سے خطاب کے دوران کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اسکولز ایجوکیشن شعبہ تعلیم کی ترقی کیلیے دن رات کام کر رہا ہے۔