جمعہ , 19 اپریل 2024

پانچ مہینے میں کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل نہیں آیا،وزیراعظم عمران خان

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کو پانچ مہینے ہوگئے ہیں لیکن کرپشن کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔دوحہ کے الوکارہ اسٹیڈیم میں پاکستانی برادری سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے میرا تعلق بہت پرانا ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کیلئے دل کھول کر عطیات دیئے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی دل سے عزت کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو روزگار کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن وہ وقت جلد آئے گا جب آپ کو ملک سے باہر نوکریاں ڈھونڈنے نہیں جانا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کے ساتھ میری جنگ ہے، آپ کو پتا ہے مجھے دباؤ میں کھیلنا آتا ہے اور انشاءاللہ ہم پاکستان کو مشکل وقت سے نکالیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا ملک بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر سے چل رہا ہے، جس طرح پاکستان کو لوٹا گیا کوئی اور ملک ہوتا تو اس کا دیوالیہ نکل چکا ہوتا، ہمیں 5 ماہ ہوگئے ہیں اور ایک بھی کرپشن کا اسکینڈل نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کرپٹ لوگوں نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، کوئی ملک وسائل سے مضبوط نہیں ہوتا کیوں کہ کانگو میں ہر قسم کے ہیرے جواہرات ہیں لیکن وہ ملک غریب ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا خسارہ بہت زیادہ ہے، اللہ نے پاکستان کو تمام خزانوں سے نوازا ہے، بس پاکستان کو صرف اچھی طرز حکمرانی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں، کرپشن اور ٹیکس کا پیچیدہ نظام سرمایہ کاری میں رکاوٹ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں سیاحت کے ذریعے 20 ارب ڈالر اور ترکی میں سیاحت سے سالانہ آمدنی 40 ارب ڈالر ہے، ہم بھی سیاحت سے اتنے پیسے اکٹھے کرسکتے ہیں کہ ہمیں ڈالر کی ضرورت نہ پڑے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 2 روزہ سرکاری دورے پر قطر میں موجود ہیں جہاں انہوں نے قطر کے امیر و دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی

کراچی: سعودی عرب نے پاکستان کی معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ …